سبسڈی والا پٹرول صرف ٹوکن رکھنے والی گاڑیوں کو ملے گا، پیٹرول پمپ مالکان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پٹرول پمپ مالکان ایسوسی ایشن نے شہریوں کے لیے ایک اہم اعلان جاری کیا ہے، جس کے مطابق وزیراعظم کے سبسڈی اسکیم کے تحت سبسڈی والا پٹرول صرف ان گاڑیوں کو دستیاب ہوگا جن کا ٹوکن جنریٹ ہو چکا ہو، جبکہ غیر رجسٹرڈ گاڑیاں سبسڈی کی اہل نہیں ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے اسکیم کے تحت سبسڈی والا پٹرول حاصل کرنے والے صارفین سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سبسڈی صرف انہی رجسٹرڈ گاڑیوں پر لاگو ہوگی جن کے ٹوکن درست ہوں گے۔
ایسوسی ایشن کے رہنما نعمان علی بٹ نے بتایا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق سبسڈی صرف ان صارفین کو دستیاب ہے جن کی گاڑیاں رجسٹرڈ ہوں اور ان کا ٹوکن باقاعدہ طور پر جنریٹ کیا گیا ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ پمپ مالکان قانونی طور پر صرف انہی گاڑیوں کو سبسڈی والا پٹرول فراہم کرنے کے پابند ہیں جن کے ٹوکن سسٹم میں موجود ہوں، درست ٹوکن کے بغیر کسی بھی گاڑی میں سبسڈی والا پٹرول نہیں ڈالا جا سکتا۔
