چیک پوسٹوں پر بھتہ خوری اور بارڈر کی بندش نے تاجروں کا معاشی قتل کر دیا ہے، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

تاجروں کے جائز حقوق کے لیے اسمبلی کے اندر اور باہر ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھائیں گے: مولانا ہدایت الرحمن بلوچ


معاشی ترقی اور محفوظ کاروباری ماحول کے لیے تاجر برادری منظم ہو کر کنونشن بلائے، ہم بھرپور ساتھ دیں گے
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ سے بلوچستان بزنس فورم کے وفد نے صوبائی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت میر محمد عاصم سنجرانی، عبدالمجید سربازی، حافظ نور علی اور سکندر علی نے کی۔ ملاقات میں بلوچستان کی تاجر برادری کو درپیش مختلف مسائل، مشکلات اور تحفظات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے بارڈر بندش، چیک پوسٹوں پر مبینہ غیر قانونی وصولیوں اور سیکیورٹی اداروں سے متعلق تاجر برادری کے تحفظات سے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کو آگاہ کیا۔جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے وفد کی شکایات اور تحفظات کو سنا اور کہا کہ تاجر برادری کے جائز حقوق اور مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی ہر آئینی و قانونی فورم پر آواز اٹھائے گی۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل حل ہوں گے تو بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں اور ترقی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی صوبائی اسمبلی کے اندر اور باہر بھی تاجروں کے مسائل اجاگر کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وزیراعلی بلوچستان اور متعلقہ حکام سے وفد کی صورت میں ملاقات کرکے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا جائے گا، جبکہ ضرورت کے مطابق ان معاملات کو ملکی سطح پر بھی متعلقہ فورمز پر اٹھایا جائے گا۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے تاجر برادری سے کہا کہ وہ اپنے جائز حقوق کے لیے منظم اور متحد ہوکر آواز بلند کریں، جماعت اسلامی ان کے مطالبات متعلقہ فورمز تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔انہوں نے تاجر برادری کو مزید منظم اور متحد کرنے کے لیے بڑے تاجر کنونشن کے انعقاد پر بھی زور دیا اور کہا کہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے مضبوط، منظم اور مثر پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔ملاقات کے دوران پاک انٹرنیشنل بزنس فورم کی رکن سازی کو وسعت دینے پر بھی زور دیا گیا تاکہ بلوچستان سمیت ملک بھر کی تاجر برادری کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر منظم کرکے ان کے اجتماعی مسائل متعلقہ فورمز تک مثر انداز میں پہنچائے جاسکیں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ تاجر برادری کے جائز حقوق، کاروباری آزادی، محفوظ کاروباری ماحول اور مسائل کے حل کے لیے منظم جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert