جعلی ڈگری کا الزام، احسن بھون نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو 5 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سپریم کورٹ کے سینئر ایڈووکیٹ اور سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن محمد احسن بھون نے اپنی ایل ایل بی ڈگری جعلی قرار دینے پر مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ہتکِ عزت کا قانونی نوٹس بھجوا دیا اور بیان کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔
قانونی نوٹس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی جانب سے محمد احسن بھون کی ایل ایل بی ڈگری کو جعلی قرار دینے کا مبینہ بیان مکمل طور پر بے بنیاد، خلافِ حقیقت اور ہتک آمیز ہے، کسی بھی عوامی بیان یا بے بنیاد الزام کی بنیاد پر کسی کی ڈگری کی قانونی حیثیت طے نہیں کی جا سکتی، اس مبینہ بیان سے سینیئر وکیل کی ساکھ، عزت اور پیشہ ورانہ حیثیت شدید متاثر ہوئی ہے۔
ایڈووکیٹ سپریم کورٹ محمد احسن بھون کی ایل ایل بی ڈگری جعلی قرار دینے کا معاملہ
کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایڈووکیٹ سپریم کورٹ محمد احسن بھون کا قانونی نوٹس
احسن بھون کی ایل ایل بی ڈگری کو جعلی قرار دینے کا مبینہ بیان بے بنیاد اور ہتک آمیز ہے، قانونی نوٹس
محمد احسن بھون نے مارچ…
— Muhammad Ashfaq (@m__ashfaq) September 29, 2026
نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ محمد احسن بھون نے مارچ 1989ء میں پنجاب یونیورسٹی سے قانونی سند ایل ایل بی مکمل کی تھی، جس کے بعد وہ 1989ء میں پنجاب بار کونسل کے ریکارڈ کے تحت لوئر کورٹس اور 1992ء میں ہائی کورٹ کے وکیل بنے، 19 جولائی 2003ء کو انہیں سپریم کورٹ کا ایڈووکیٹ انرول کیا گیا، مزید برآں 21 جنوری 2026ء کو پنجاب یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات نے ان کی ڈگری اور تعلیمی اسناد کو مکمل طور پر تصدیق شدہ قرار دیا تھا۔
قانونی نوٹس کے ذریعے مطالبہ کیا گیا ہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر احسن بھون کی ڈگری سے متعلق دیا گیا بے بنیاد بیان فوری طور پر واپس لیں اور عوامی سطح پر معافی مانگیں، صورتِ دیگر ان کے خلاف عدالت میں سخت قانونی و حرجانے کی چارہ جوئی کی جائے گی۔
