پاکستان کوسٹ گارڈز کی اوتھل میں بڑی کارروائی، مسافر کوچز سے 61 نایاب باز برآمد
کروڑوں روپے مالیت کے بازوں کی بیرونِ ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی، تمام باز قدرتی ماحول میں آزاد

(ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان کوسٹ گارڈز کی اوتھل چیک پوسٹ پر بڑی کارروائی، کوئٹہ سے کراچی جانے والی دو مسافر کوچز سے 61 نایاب اور قیمتی نسل کے باز برآمد کرلیے گئے، بیرونِ ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام، تمام بازوں کو وائلڈ لائف حکام کی موجودگی میں آزاد کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز کے کمانڈنٹ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل زین العابدین کی خصوصی ہدایات پر اوتھل چیک پوسٹ پر مسافر گاڑیوں کی سخت نگرانی اور تلاشی کا سلسلہ جاری تھا۔ اسی دوران کوئٹہ سے کراچی جانے والی دو مسافر کوچز کو روک کر تلاشی لی گئی تو ان میں انتہائی نایاب اور قیمتی نسل کے 61 باز چھپائے جانے کا انکشاف ہوا۔کوسٹ گارڈز کے مطابق برآمد کیے گئے باز بغیر کسی قانونی اجازت کے اسمگل کیے جا رہے تھے اور انہیں حب و کراچی کے راستے بیرونِ ملک منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ برآمد شدہ بازوں کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت کروڑوں روپے بتائی گئی ہے۔کارروائی کے بعد پاکستان کوسٹ گارڈز کے کیپٹن محمد عظیم کی قیادت میں کوسٹ گارڈز کے اہلکاروں اور محکمہ جنگلات و جنگلی حیات لسبیلہ کے حکام نے مشترکہ طور پر تمام 61 بازوں کو تحویل میں لے کر ان کی صحت کا جائزہ لیا، جس کے بعد انہیں صحت مند حالت میں قدرتی ماحول میں آزاد کردیا گیا۔اس موقع پر محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے حکام نے پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نایاب پرندوں اور جنگلی حیات کا تحفظ قومی ذمہ داری ہے۔ غیر قانونی شکار اور جنگلی حیات کی اسمگلنگ کے خلاف مثر کارروائیاں قدرتی ماحول کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جنگلی حیات کی غیر قانونی خرید و فروخت، شکار اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائی
