’ارکان اسمبلی اپنی اپنی CV جیب میں رکھیں، سہیل آفریدی بطور وزیر اعلیٰ کام جاری رکھیں گے‘

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی بطور وزیر اعلیٰ کے پی کام جاری رکھیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی کے ارکان کے پی اسمبلی کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ ارکان اپنی اپنی سی وی جیب میں رکھیں، سہیل آفریدی ہی وزیر اعلیٰ رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کا اعتماد اور پارٹی لیڈرشپ کی حمایت حاصل ہے۔

ویڈیو پیغام میں بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ صوبے میں گورنر راج لگے گا اور نہ ہی ایمرجنسی، سیاسی جماعتیں مسائل کا حل ڈھونڈیں۔

عمران خان کا سہیل آفریدی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا حکم
27 ستمبر کو اے آر وائی نیوز نے خبر دی تھی جس کے مطابق عمران خان نے وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی سے متعلق اپنی بہن کو اہم پیغام دیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے نورین نیازی سے کہا کہ سہیل آفریدی نے ان کیلیے کچھ نہیں کیا، میں نے وکیل کو پیغام دیا تھا کہ وہ وزارت اعلیٰ چھوڑ دے۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر نورین نیازی نے بانی پی ٹی آئی کو بتایا کہ سہیل آفریدی نے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔

نورین نیازی نے اپنے بھائی کو کے پی میں پارٹی کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ سہیل آفریدی کیخلاف کچھ ایم پی ایز کا گروپ بھی ہے جو سابق سی ایم علی امین گنڈاپور کا ہے۔

یہ انکشاف سن کر عمران خان نے اپنی بہن سے استفسار کیا کہ کتنے ایم پی ایز خلاف سہیل آفریدی کے خلاف ہیں تو نورین نیازی نے بتایا کہ 35 کے قریب ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے کہا کہ سہیل آفریدی 27 کو اگر اسلام آباد مارچ لے کر نہیں آتا تو علی امین گنڈاپور کو پیغام دیں کہ وہ سہیل آفریدی کے خلاف عدم اعتماد لے آئے۔

WhatsApp
Get Alert