سندھ حکومت یا کسی سیاسی شخصیت کی جانب سے جامعات میں کوئی مداخلت نہیں کی جارہی: وزیر تعلیمی بورڈز


کراچی(قدرت روزنامہ)وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو نےکہا ہےکہ سندھ حکومت یا کسی بھی سیاسی شخصیت کی جانب سے جامعات میں کوئی مداخلت نہیں کی جارہی۔
بینظیربھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر کے استعفے پر بیان دیتے ہوئے وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز نے کہا کہ وائس چانسلر کے استعفے کا جائزہ لینے کے بعد قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔
اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ حکومت یا کسی بھی سیاسی شخصیت کی جانب سے جامعات میں کوئی مداخلت نہیں کی جارہی، تمام وائس چانسلر کی تقرریاں اہلیت کی بنیاد پر انتہائی شفاف طریقہ کار کے تحت کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلرپروفیسر حسین مہدی عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی اور جرائم پیشہ عناصرکے دباؤ میں کام نہیں کرسکتے۔
ذرائع کے مطابق گھوسٹ ملازمین اور ہراسانی میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی وائس چانسلر کے استعفے کی وجہ بنی اور وائس چانسلر کو ہراسانی کے الزام لگا کر نکالنےکی دھمکی دی گئی۔

WhatsApp
Get Alert