حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 26 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں دو روز تک کمی کے بعد پھر اضافہ کردیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں معمولی کمی کردی ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’’ ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق وزارت توانائی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی جانب سے بنائے گئے طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا ہے۔
حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر ایک روپیہ ایک پیسے کی کمی کردی ہے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 34 پیسے مقرر کردی ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 26 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 392 روپے 66 پیسے ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 2 اکتوبر 2026 کے لیے ہوگا۔
وزارت توانائی نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر عوامل کے باعث قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔
حکومت نے گزشتہ روز پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کرتے ہوئے فی لیٹر قیمت بالترتیب 387 روپے 40 پیسے اور 400 روپے 35 پیسے مقرر کی تھی۔
