نئی کیا اسٹونک پرانی سے سستی ، پاکستان میں قیمت کا اعلان، بکنگ کا آغاز

کراچی (قدرت روزنامہ)عام طور پر نیا ماڈل آتا ہے تو قیمت بڑھ جاتی ہے مگر کیا کمپنی نے اس بار الٹا کر دکھایا کیونکہ کمپنی نے نئی اسٹونک کی قیمت کا اعلان کر دیا ہے اور یہ پرانے ماڈل سے کم رکھی گئی ہے ۔
اس ماڈل کی بکنگ کا آغاز کل سے ہوچکا ہے، یہ گاڑی پہلی بار paps 2026 میں پیش کی گئی تھی۔ اب کیا نے اس کی قیمت اور بکنگ کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
نئی کیا اسٹونک کی قیمت کیا ہے؟
کیا اسٹونک دو ویریئنٹس میں دستیاب ہوگی۔
ٹربو ایکس: 54 لاکھ 99 ہزار روپے
ٹربو ایس: 58 لاکھ 99 ہزار روپے
پرانی اسٹونک تقریباً 60 لاکھ روپے میں فروخت ہوتی تھی ، نئی گاڑی زیادہ جدید ہے، پھر بھی اس کی قیمت کم ہے جو کہ کسی کمپنی کی جانب سے ایسا قدم کم ہی دیکھنے میں آتا ہے۔
بکنگ کیسے ہوگی؟
کیا نے قیمت محفوظ رکھنے کی سہولت دی ہے اور نومبر اور دسمبر 2026 کی ڈیلیوری کے لیے بکنگ کے وقت مکمل ادائیگی کرنا ہوگی ، ایسے خریداروں کے لیے قیمت لاک رہے گی۔
دسمبر 2026 کے بعد ڈیلیوری چاہنے والوں کے لیے جزوی بکنگ بھی موجود ہے۔ اس کی رقم 10 لاکھ روپے ہے۔
ایک بات خریداروں کو ضرور یاد رکھنی چاہیے۔ اگر مستقبل میں کوئی نیا ٹیکس یا levy لگا اور قیمت بڑھی، تو اضافی رقم ڈیلیوری کے وقت خریدار کو ادا کرنی ہوگی۔
یہ صرف فیس لفٹ نہیں، مکمل نیا روپ ہے
یہ پہلی نسل کی اسٹونک کی دوسری فیس لفٹ ہے ، پہلی فیس لفٹ پاکستان میں معمولی تبدیلیوں کے ساتھ آئی تھی لیکن اس بار کیا نے ڈیزائن میں بڑی تبدیلی کی ہے۔ عالمی سطح پر یہ ماڈل 2025 میں متعارف ہوا تھا اور اب پاکستان پہنچا ہے۔
گاڑی کیا کی Opposite United ڈیزائن لینگویج پر بنی ہے۔ اس کی شکل کمپنی کی نئی الیکٹرک گاڑیوں سے ملتی ہے۔
اندرونی اور بیرونی ڈیزائن
نئی کیا اسٹونک کا ڈیزائن پرانے ماڈل سے بالکل مختلف ہے۔ بیرونی حصے میں اسٹار میپ لائٹنگ کے ساتھ عمودی ایل ای ڈی ہیڈ لائٹس دی گئی ہیں، جبکہ پچھلی جانب C شکل کی ٹیل لائٹس نظر آتی ہیں، جو کیا کی الیکٹرک گاڑیوں EV3 اور EV9 میں بھی ملتی ہیں۔
اس کے ساتھ بمپرز اور سائیڈ ڈیزائن میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں اس کے اندر کی طرف دیکھیں تو پورا کیبن نئے سرے سے تیار کیا گیا ہے جبکہ ڈیش بورڈ پر دو پینورامک اسکرینیں لگائی گئی ہیں، جیسی اسپورٹیج اور سورینٹو میں دیکھی جا سکتی ہیں، جبکہ فزیکل بٹنوں کی جگہ ٹچ سینسیٹو کنٹرولز نے لے لی ہے۔
انجن میں بڑی تبدیلی
سب سے بڑی تبدیلی انجن میں ہے، کیونکہ پرانا 1.4 لیٹر نیچرلی ایسپریٹڈ انجن اب ختم کر دیا گیا ہے اور نئی اسٹونک صرف 1.0 لیٹر ٹربو انجن کے ساتھ پیش کی جائے گی۔
اس سیگمنٹ میں اسٹونک کا مقابلہ سوزوکی فرونکس سے ہوگا، جو خریداروں میں پہلے ہی مقبول ہے۔ اسی وقت متعارف ہونے والی چیری کیو بھی اس کی حریف ہے۔
اگر آپ کا بجٹ تقریباً 58 لاکھ روپے ہے، تو اسٹونک ایک اچھا ہیچ بیک آپشن ہے, قیمت کے مقابلے میں اس میں نیا ڈیزائن، جدید اسکرینیں اور ٹربو انجن ملتا ہے تاہم فیصلے سے پہلے فرونکس اور چیری کیو سے موازنہ ضرور کر لیں۔
