تھانوں میں روایتی ٹال مٹول اور ایف آئی آر درج نہ کرنے کی مجرمانہ روش پر ڈی آئی جی کوئٹہ برہم

محض روزنامچے تک محدود رہنے والے افسران کی شامت، کوتاہی برتنے پر سخت محکمانہ کارروائی کا الٹی میٹم


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس(ڈی آئی جی)کوئٹہ عمران شوکت نے شہریوں کی جانب سے چوری، چھینا جھپٹی اور دیگر اسٹریٹ کرائمز کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام ایس ایچ اوز کو سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قابلِ دست اندازی جرم کی اطلاع ملنے پر محض روزنامچے میں اندراج کرکے معاملہ ختم کرنے کے بجائے قانون کے مطابق فوری طور پر ایف آئی آر کا اندراج یقینی بنایا جائے۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے تنبیہ کی کہ ایف آئی آر کے اندراج میں دانستہ غفلت یا کوتاہی برتنے والے کسی بھی افسر کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈویژنل ایس پیز اور ایس ڈی پیز اپنے اپنے علاقوں میں ایسے معاملات کی ذاتی طور پر نگرانی کریں تاکہ شہریوں کی شکایات پر فوری قانونی کارروائی اور داد رسی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈی آئی جی عمران شوکت نے شہریوں کو ہدایت کی کہ پولیس سے متعلق کسی بھی مسئلے کی صورت میں وہ کوئٹہ پولیس کی ویب سائٹ پر شکایت درج کرائیں یا متعلقہ افسر کے دفتر سے براہِ راست رجوع کریں کیونکہ عوام کے لیے پولیس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert