حکومت کا پی ٹی آئی سے لانگ مارچ ختم کرنے کا مطالبہ، پی ٹی آئی اس حوالے سے کل تک جواب دے گی، غریدہ فاروقی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سینئر صحافی غریدہ فاروقی کا کہنا ہے کہ میری خبر کے مطابق حکومت نے پی ٹی آئی سے لانگ مارچ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس پر پی ٹی آئی اس حوالے سے کل تک جواب دے گی، پی ٹی آئی کو کہا گیا کہ آئندہ اسلام آباد پر چڑھائی نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی جائے۔ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں غریدہ فاروقی کا کہنا ہے کہ حکومت/تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات آج کامیاب نہیں ہو سکے۔
میری اب تک کی خبر کے مطابق حکومت کی طرف سے واضح مطالبہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ ختم کرے اور آئندہ کسی صورت اسلام آباد پر چڑھائی نہ کرنے کی ٹھوس یقین دہانی کروائے۔ مذاکرات کے تیسرے دور میں محسن نقوی نے خیبرپختونخواہ حکومت کی دہشتگردی کیخلاف نمٹنے میں ناکامی اور گورننس قائم نہ کر سکنے میں ناکامی کیخلاف بھرپور چارج شیٹ پیش کی۔
تیسرے دور میں یہ بھی زیربحث آیا کہ وفاق کے پاس ایمرجنسی/ گورنر راج کا آپشن موجود ہے، اگر خیبرپختونخوا کی پی ٹی آئی حکومت نے معاملات کو درست نہ کیا۔ تحریک انصاف نے ایک بار پھر عمران خان تک رسائی کی بات کا ذکر کر ڈالا۔ پی ٹی آئی کل تک جواب دے گی کہ لانگ مارچ ختم کر رہے ہیں یا نہیں۔ حکومتی ذرائع کا یہ کہنا ہے۔
یہ تو اب تک کی خبر میں نے دی۔ لیکن میرا تجزیہ ہے کہ انتہائی مشکل ہوگا کہ یہ مذاکرات کامیاب ہو سکیں، یا پی ٹی آئی/آفریدی لانگ مارچ ختم کرے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ لانگ مارچ کو کوئی اور شکل دے دی جائے اور صرف KP کی حدود کے اندر رہ جائے۔ بہرحال، PTI اور KP حکومت کو ریاست کی رٹ کے سامنے سرنڈر کرنا ہو گا اور صوبائی حکومت ریاست کی پالیسیوں کے مخالف نہیں چل سکتی۔ حکومت/پی ٹی آئی مذاکرات کل 2بجے تک ملتوی ، خیبرپختونخوا کا مستقبل خود پی ٹی آئی کے ہاتھ میں ہے۔ شرائط تسلیم کر لیں گے، تو حکومت بچا سکیں گے، ریاست کے ساتھ چلنا ہو گا۔
