بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لیے خواتین کو ہر میدان میں آگے آنا ہوگا، ماہ جبین خالد جمالی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی رہنما ماہ جبین خالد جمالی نے کہا ہے کہ معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں خواتین کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے، بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لیے خواتین کو تعلیم، صحت، معیشت، سیاست اور سماجی شعبے سمیت ہر میدان میں آگے آنا ہوگا۔ خواتین کی بھرپور شرکت کے بغیر ترقی کے اہداف مکمل طور پر حاصل نہیں کیے جاسکتے اپنے جاری کردہ بیان میں ماہ جبین خالد جمالی نے کہا کہ اپنے ملک اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کی خاطر ہم سب کو متحد ہوکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ بلوچستان کی موجودہ حکومت ترقی، عوامی فلاح، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے مختلف شعبوں میں اقدامات کررہی ہے، جن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ صوبائی حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ خواتین کی فلاح، تعلیم، ہنر مندی، معاشی خودمختاری اور تحفظ پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست میں خواتین کو بااختیار بنانا بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ پارٹی کے 2024 کے منشور میں خواتین کی معاشی خودمختاری، سماجی تحفظ، خصوصی قرضہ پروگرام، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، خواتین کاروباری افراد کو مارکیٹ سے منسلک کرنے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین اور جیالے کارکنوں کو عزت، سیاسی مقام اور آگے بڑھنے کے مواقع دیے ہیں۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا سیاسی سفر پاکستانی خواتین کے لیے قیادت اور عوامی خدمت کی ایک نمایاں مثال ہے۔ پارٹی کی جانب سے خواتین کے حقوق، روزگار، تحفظ اور سیاسی و سماجی شمولیت کے لیے متعدد اقدامات اور قانون سازی بھی کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں خواتین کی ترقی کے لیے حکومت کی جانب سے ہنر مندی، کاروباری معاونت، قانونی تحفظ، تعلیم، صحت اور معاشی خودمختاری جیسے شعبوں پر کام کیا جارہا ہے۔ خواتین کی ترقی کے لیے صوبائی حکومت کے اداروں کی موجودہ پالیسی بھی خواتین کو فیصلہ سازی، روزگار اور معاشی سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہے موجودہ صوبائی حکومت کے ترقیاتی اقدامات قابلِ تحسین ہیں اور اگر بلوچستان کی خواتین حکومت کے ان اقدامات میں بھرپور شمولیت اختیار کریں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تو اس کے نتائج مزید بہتر اور وسیع پیمانے پر سامنے آسکتے ہیں۔
ماہ جبین خالد جمالی کا جاری کردہ بیان میں کہنا تھا کہ بلوچستان کی خواتین باصلاحیت اور باہمت ہیں، انہیں صرف مواقع اور مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر خواتین تعلیم، کاروبار، روزگار، سیاست اور سماجی خدمت کے میدان میں اپنا کردار مزید مؤثر بنائیں تو بلوچستان کی ترقی کی رفتار کو مزید تیز کیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے سفر میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔ صوبے کی ترقی کسی ایک فرد یا طبقے کی نہیں بلکہ تمام شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور خواتین اس سفر کی اہم شراکت دار ہیں۔

WhatsApp
Get Alert