بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستانی شہریوں کے قتل پر شدید احتجاج

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے پاکستانی شہریوں کے قتل پر شدید احتجاج کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے 2 اکتوبر کو انٹرنیشنل بارڈر پر بدیان سیکٹر میں دو پاکستانی شہریوں کو قتل کیا، بی ایس ایف اہلکاروں نے نہتے شہریوں کے خلاف بلااشتعال ہلاکت انگیز طاقت کا استعمال کیا، نہتے شہریوں کے خلاف طاقت کا استعمال مکمل طور پر بلاجواز اور انتہائی غیر متناسب تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بی ایس ایف اہلکاروں کی کارروائی کے نتیجے میں دو قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں، پاکستان جاں بحق شہریوں کو ’’درانداز‘‘ قرار دینے کی کسی بھی کوشش کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے، واقعہ بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، واقعے نے بین الاقوامی قانون کے تحت شہریوں کی جان کے تحفظ سے متعلق سنگین خدشات پیدا کیے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت واقعے کی فوری، شفاف اور قابلِ اعتماد تحقیقات کرے، ذمہ دار افراد کے خلاف مناسب محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے، بھارتی حکومت پاکستان کو تحقیقات کے نتائج اور کی گئی کارروائی سے باضابطہ طور پر آگاہ کرے، بھارت بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کے احترام کو یقینی بنائے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ بھارت متعلقہ دوطرفہ انتظامات اور طے شدہ سرحدی طریقہ کار پر سختی سے عمل کرے، ایسے حالات سے نمٹنے میں بھارت زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرے، بھارت ایسے واقعات کی دوبارہ روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
