ایشین گیمز کرکٹ فائنل، حسن نواز کی جارحانہ اننگز بھی پاکستان کو گولڈ میڈل نہ دلوا سکی

نشین (قدرت روزنامہ)ایشین گیمز کے مینز کرکٹ ایونٹ کے فائنل میں حسن نواز کی جارحانہ اننگز بھی پاکستان کو گولڈ میڈل نہ دلوا سکی۔

نشین میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم 212 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بناسکی۔
حسن نواز نے 51 گیندوں پر 96 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 7 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

ہدف کے تعاقب میں ابتدائی 3 وکٹیں جلد گرنے کے بعد حسن نواز نے صائم ایوب کے ہمراہ 48 گیندوں پر 87 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو فیصلہ کن موڑ تک پہنچایا تاہم دیگر کوئی کھلاڑی ان کا ساتھ نہ دے سکا۔

صائم ایوب 29 اور معاذ صداقت 23 رنز بناکر دیگر نمایاں بلے باز رہے۔ کپتان صاحبزادہ فرحان 10، عبدالصمد 9 اور عثمان خان 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر اور شیوم دوبے نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ابھیشیک شرما (61)، تلک ورما (ناٹ آؤٹ 51) اور شیوم دوبے (27) کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔

کپتان شریاس ایئر 21، ایشان کشن 20، سوریا ونشی 15 اور سنجو سیمسن 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے احمد دانیال اور عرفات منہاس نے 2، 2 جبکہ صائم ایوب اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان ٹیم نے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا اور کئی مواقع ضائع کیے۔

پانچویں اوور میں ابھیشیک شرما اور شریاس ایئر کو مواقع بھی ملے جب صائم ایوب نے تین گیندوں پر دو کیچز ڈراپ کردیے۔

ابھیشیک شرما اور تلک ورما کو رن آؤٹ کرنے کے مواقع بھی ضائع کیے جبکہ مجموعی طور پر 4 کیچز ڈراپ کیے۔

اس شکست کے بعد پاکستان ٹیم سلور میڈل کی حقدار قرار پائی۔

واضح رہے کہ اس بڑے ٹاکرے کے ٹاس اور میچ کے اختتام پر بھارتی ٹیم نے ایک مرتبہ پھر کھیل کو سیاست زدہ کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔

WhatsApp
Get Alert