بلوچستان کے 10 نوجوانوں کو ہر سال دنیا کی ممتاز جامعات میں پی ایچ ڈی سکالرشپس دینے کا اعلان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)حکومت بلوچستان نے دنیا بھر کی 100 سے زائد جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس پروگرام کے لیے امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت بیرونِ ملک پی ایچ ڈی سکالرشپس کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکومت بلوچستان کے اعلامیے کے مطابق بلوچستان سے ہر سال 10 باصلاحیت امیدواروں کو دنیا کی ممتاز جامعات میں پی ایچ ڈی سکالرشپس دی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے عالمی سطح کے پی ایچ ڈی سکالرشپ پروگرام کے اجرا پر اظہار مسرت کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایچ ڈی سکالرشپ پروگرام بلوچستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوانوں کو دنیا کی بہترین جامعات تک پہنچانے کا سفر شروع ہوچکا ہے، یہ بلوچستان کے مستقبل کو بدلنے کا سفر ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق بلوچستان کا نوجوان مواقع کی تلاش میں دنیا سے پیچھے نہیں رہے گا اور دنیا کی بہترین جامعات بلوچستان کے نوجوانوں کا مقدر بنیں گی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ صرف سکالرشپس نہیں بلکہ بلوچستان کی آنے والی نسلوں کے لیے امید، علم اور ترقی کے نئے دروازے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا مقابلہ علم و شعور اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرکے کیا گیا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل بندوق تھام کر پہاڑوں میں چھپنے والے نہیں بلکہ کتاب تھام کر دنیا کی ممتاز جامعات میں علم و تحقیق کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے نوجوان ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت کا مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو دنیا کی ممتاز جامعات میں پہنچا کر علم و تحقیق کے عالمی نقشے پر نمایاں مقام دلانا ہے۔
