سوشل میڈیا پر بلاجواز تنقید اور سستی شہرت کی کوشش کی مذمت، الزامات گمراہ کن ہیں: ترجمان واسا
شہریوں کے ذمے کروڑوں کے واجبات ادارے کی مالی بدحالی کا سبب، کوئٹہ کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑنے کا تاثر مسترد

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) واسا کی کارکردگی کے خلاف سوشل میڈیا کے ایک پیج پر بلاجواز تنقید کرکے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہیں بے واسا حکام نے سوشل میڈیا پر نام نہاد صافی کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے حقائق کے منافی اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ ترجمان واسا کے مطابق ایک سال سے نان کیڈر افسر کی تعیناتی اور پانی کے بحران سے متعلق لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں اور ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔ترجمان نے واضح کیا کہ کوئٹہ میں پانی کی قلت ایک دیرینہ اور پیچیدہ مسئلہ ہے جس کی بنیادی وجوہات میں زیرِ زمین پانی کی سطح میں مسلسل کمی، بڑھتی ہوئی آبادی اور محدود وسائل شامل ہیں۔ ان چیلنجز کے باوجود واسا اپنے دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے شہریوں کو پانی کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ تاثر دینا کہ شہر کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، درست نہیں۔ واسا کی جانب سے باقاعدہ شیڈول کے تحت مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی جاری ہے جبکہ ہنگامی بنیادوں پر ٹینکر سروس بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان واسا نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ صارفین کی ایک بڑی تعداد پانی کے واجبات ادا نہیں کر رہی، جس کے باعث ادارے کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق شہریوں کے ذمے کروڑوں روپے کے بقایاجات ہیں، جس سے نظام کی بہتری اور فراہمی آب کے منصوبوں پر براہِ راست اثر پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان مشکل حالات کے باوجود واسا کے ملازمین محدود وسائل میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں اور شہر میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔
واسا حکام نے واضح کیا کہ ادارے کی کارکردگی کو بلا جواز تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے شہریوں کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا، بالخصوص واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
