ب فارم بنوانے والوں کیلئے اہم ہدایات، نادرا جانے سے پہلے یہ کام ضرور کریں

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نادرا سینٹر سے بچے کا ’ب‘ فارم یا چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پہلی مرتبہ بنوانے والے والدین اور قانونی سرپرستوں کے لیے اہم ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
نادرا کے مطابق بچے کا ب فارم بنوانے کے لیے نادرا رجسٹریشن سینٹر جانے سے قبل والدین یا قانونی سرپرست کا شناختی کارڈ نمبر اور یونین کونسل، میونسپل کمیٹی یا کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ تصدیق شدہ کمپیوٹرائزڈ پیدائش سرٹیفکیٹ تیار رکھنا ضروری ہے۔
نادرا کے مطابق اگر بچے کی پیدائش بیرون ملک ہوئی ہو تو غیر ملکی تفصیلی برتھ سرٹیفکیٹ، پاکستانی سفارتخانے یا مشن کا ایس ون فارم، شہریت کا سرٹیفکیٹ یا نیچرلائزیشن سرٹیفکیٹ درکار ہوگا۔
ادارے نے بتایا کہ 3 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کو فنگرپرنٹس، تصویر اور آئرس اسکین کے لیے نادرا دفتر ساتھ لانا ضروری ہے۔
نادرا کے مطابق اگر بچے کے ب فارم کے لیے درخواست دینے والا شخص قانونی سرپرست ہے تو اسے مجاز عدالت کی جانب سے جاری کردہ گارڈین شپ سرٹیفکیٹ بھی ہمراہ لانا ہوگا۔
نادرا کا کہنا ہے کہ اگر بچے کا ب فارم بنوانے کے بعد پاسپورٹ بنوانا مقصود ہو تو ب فارم کے لیے بچے کی تصویر بنوانا لازمی ہوگا۔
ادارے نے والدین اور قانونی سرپرستوں کو ہدایت کی ہے کہ نادرا سینٹر کا دورہ کرتے وقت درست اور مکمل دستاویزات ہمراہ لائیں تاکہ بچے کا ب فارم بغیر کسی پریشانی کے بنوایا جاسکے۔
مزید معلومات کے لیے نادرا کی ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert