مولانا فضل الرحمٰن اور جے یو آئی قیادت پر پابندیاں و نظربندی غیر آئینی اور قابلِ مذمت ہے: پشتونخوا نیپ

ملک پر غیر اعلانیہ سول مارشل لاء مسلط ہے، جے یو آئی کے زیر اہتمام کوئٹہ، دکی، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، ژوب و دیگر شہروں میں احتجاجی جلسوں سے رہنماؤں کا خطاب


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمٰن صاحب اُن کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف جعلی ابن الوقت حکمرانوں اور اُن کے اداروں کی جانب سے غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر جمہوری اقدامات اور اُن کے سیاسی جمہوری پروگراموں میں بندش اور نظربندی قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے اور اس کا مقصد ملک میں حقیقی سیاسی جمہوری قوتوں کی حقیقی جمہوریت کیلئے جاری جدوجہد کو کمزور کرنے اور ملک کے اقوام و عوام کے سیاسی، جمہوری، آئینی اور قانونی آواز کو ختم کرنے اور غیر آئینی امرانہ اقدامات کو تحفظ دینے کی ناکام کوششیں اور سازش ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوا نیپ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز پروفیسر اسد ترین نے دُکی، سید اکبر کاکڑ نے قلعہ سیف اللہ، نداسنگر نے کوئٹہ، احمد خان لونی نے سبی ، ضلعی سیکرٹری لورالائی مصطفیٰ کمال کاکڑنے لورالائی، ضلعی سینئر معاون سیکرٹری نعمت اللہ مندوخیل نے ژوب، ضلعی سینئر معاون سیکرٹری حاجی دوران خان ترین نے ہرنائی اور ضلعی ڈپٹی سیکرٹری و کونسلر پیر حمداللہ نے پشین بازار میں جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام احتجاجی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور ان تمام مظاہروں میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے بڑی تعدا دمیں شرکت کیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر مسلط جعلی حکمرانوں کے عوام دشمن پالیسیوں اور عوام دشمن اقدامات کے باعث تمام عوام کو ہر شعبہ زندگی میں بدترین مشکلات کا سامنا ہے اور ہر مکتبہ فکر کے عوام ملک کے سیاسی، معاشی اور معاشرتی بحرانوں، بدترین مہنگائی، بےروزگاری، دہشتگردی، بدامنی اور لاقانونیت کے باعث سرومال اور عزت کے تحفظ کی بنیادی مسئلے تک کا سامنا کررہے ہیں اور ان جعلی حکمرانوں کی غیر آئینی اور غیر قانونی غلط عوام دشمن قانونی سازی کی وجہ سے تمام ادارے اپنی اہمیت اور اختیارات کھوچکے ہیں اور ملک پر غیر اعلانیہ سول مارشل لاء مسلط اور سول اداروں کے اختیارات ختم ہوچکے ہیں جبکہ ایک قوم کی بالادستی کو برقرار رکھنے اور اُن کے استعماری اداروں کے ذریعے محکوم اقوام بلخصوص پشتون قوم پر بدترین قومی غلامی مسلط کی گئی ہے اور پشتونخوا وطن پر جعلی دہشتگردی، بدامنی، لاقانونیت مسلط کرکے پشتون عوام کو ملک میں قومی برابری، قومی خودمختیار صوبے اور اپنے وسائل پر کنٹرول حاصل کرنے کے قومی مطالبات سے دستبردار کرنے کی سازشیں جاری ہیں اور پشتونخواوطن میں پشتون عوام کی نسل کشی جاری رکھ کراُن کے معدنی وسائل کی بدترین لوٹ مار جاری ہیں اور دوسری طرف ملک کے سیاسی، جمہوری قیادت اور قوتوں کے خلاف دروغ گوئی اور جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈے اور غیر آئینی، غیر قانونی پابندیاں عائدکرکے حقیقی جمہوری تحریک کو کمزور کرنے کی ناکام سازشیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اور اُن کی قیادت سمیت تمام جمہوری قوتوں کے خلاف ان جعلی ابن الوقت حکمرانوں اُن کےا داروں اور کاسہ لیسوں کی تمام سازشیں ناکام بناتے ہوئے حقیقی جمہوری تحریک کو ہر قسم کے گھمبیر حالات میں جاری رکھ کر ملک کے اقوام وعوام کی حقیقی حق حکمرانی کو حاصل کرکے رہینگے۔

WhatsApp
Get Alert