کوئٹہ کے سٹی نالے میں پولیس اور سوشل ویلفیئر کا بڑا آپریشن، منشیات فروشوں کے اڈے مسمار، 150 سے زائد عادی افراد اور پیڈلرز گرفتار

سڑکوں اور نالے سے اٹھائے گئے تمام نشئیوں کو ڈرگ بحالی مراکز منتقل کر دیا گیا، مختلف سینٹرز میں باقاعدہ علاج جاری ہے


کوئٹہ کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے سال بھر مہم چلے گی، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی آپریشن کی نگرانی میں روزانہ کریک ڈاؤن ہوگا: ایس پی سٹی
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اور پارلیمانی سیکرٹری ولی محمد نورزئی کی ہدایت پر مشترکہ ایکشن، شاہراہوں سے نشے کی لعنت کا جلد خاتمہ کریں گے: ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)کوئٹہ پولیس اور محکمہ سوشل ویلفیئر نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سٹی نالے میں منشیات فروشوں اور نشے کے عادی افراد کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کیا ہے، جس کے دوران منشیات کے متعدد ٹھکانے مسمار کر کے 150 سے زائد منشیات کے عادی افراد کے علاوہ منشیات فروخت کرنے والے عناصر کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے موقع پر سٹی نالے اور ملحقہ علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔


ایس پی سٹی آصف غفور نے آپریشن کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کریک ڈاؤن کے دوران 150 سے زائد منشیات کے عادی افراد کو تحویل میں لیا گیا ہے، جبکہ موقع سے منشیات سپلائی اور فروخت کرنے والے مجرموں کو بھی دھر لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سڑکوں اور نالوں میں لاوارث پڑے تمام عادی افراد کو فوری طور پر ڈرگ بحالی مراکز (ری ہیبلی ٹیشن سینٹرز) منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایس پی سٹی نے واضح کیا کہ ڈی آئی جی کوئٹہ اور ایس ایس پی آپریشنز کی براہِ راست نگرانی میں یہ مہم روزانہ کی بنیاد پر بلاتعطل جاری رہے گی تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔

دوسری جانب ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حنیف رند نے بتایا کہ یہ سخت کارروائیاں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر ولی محمد نورزئی کی خصوصی ہدایات پر کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں منتقل کیے گئے منشیات کے مریضوں کا مختلف بحالی مراکز میں باقاعدہ علاج معالجہ شروع کر دیا گیا ہے۔


ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ شہر کو منشیات سے مکمل پاک کرنے کے لیے یہ انسدادی مہم سال بھر جاری رکھی جائے گی اور محکمہ سوشل ویلفیئر پولیس کے شانہ بشانہ کارروائیاں جاری رکھ کر بہت جلد صوبائی دارالحکومت کی سڑکوں سے منشیات کی لعنت کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنائے گا۔

WhatsApp
Get Alert