بلوچستان میں بلاول بھٹو کے فراہم کردہ سولر پینلز اور راشن کی اقربا پروری کی بنیاد پر بندر بانٹ، مخلص کارکنان نظرانداز کیا جارہا ہے ‘ پیپلز پارٹی رہنمائوں کی پریس کانفرنس
ضلعی صدر نے سولر سسٹمز بیٹوں، بھائیوں، بھتیجوں اور غیر متعلقہ افراد میں تقسیم کیے، رمضان المبارک کے راشن میں بھی سنگین بدعنوانی کی گئی

مخصوص ٹولے کے من مانے فیصلوں سے سیوی میں پارٹی تباہ ہو رہی ہے، ضلعی صدر غلام رسول سیلاچی کو ہٹا کر فوری شفاف انٹرا پارٹی انتخابات کرائے جائیں: سید صابر شاہ اور دیگر
سیوی( ڈیلی قدرت کوئٹہ )پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے پارٹی کے لیے فراہم کیے گئے سولر سسٹمز کی تقسیم میں مبینہ جانبداری اور کارکنان کو نظرانداز کیے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سیوی کی ضلعی کابینہ کو فوری طور پر برطرف کرکے نئے اور منصفانہ پارٹی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔سیوی پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماوں سید صابر شاہ دوپاسی، مالک راجہ خان مرغزانی، حاجی خان رئیسانی، تاج محمد مگسی، ماجد خان گچکی، سید چٹل شاہ، خدا بخش چانڈیو، بشیر خان مرغزانی، محمد عمر خجک اور دیگر نے الزام عائد کیا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کارکنان کے لیے فراہم کیے گئے سولر سسٹمز کی تقسیم میں پیپلز پارٹی سیوی کے ضلعی صدر غلام رسول سیلاچی، ریحان بگٹی اور دیگر ذمہ داران نے مبینہ طور پر شفافیت کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا۔رہنماوں کا کہنا تھا کہ ان کے مطابق سولر پینلز بڑی تعداد میں ضلعی صدر کے بیٹوں، بھائیوں، بھتیجوں اور دیگر عزیز و اقارب سمیت من پسند افراد میں تقسیم کیے گئے، جبکہ پارٹی کے ان کارکنان کو نظرانداز کیا گیا جنہوں نے مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ بعض ایسے افراد کو بھی سولر پینلز دیے گئے جن کا پیپلز پارٹی سے کوئی نمایاں تعلق نہیں۔پریس کانفرنس کے شرکا نے مزید الزام عائد کیا کہ اس سے قبل رمضان المبارک کے دوران وزیر اعلی بلوچستان کی جانب سے فراہم کیے جانے والے راشن کی تقسیم میں بھی مبینہ طور پر پارٹی کارکنان کے بجائے ضلعی صدر کے قریبی افراد کو ترجیح دی گئی۔پیپلز پارٹی رہنماوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلی بلوچستان، صوبائی صدر حاجی عمر گورگیج اور صوبائی جنرل سیکرٹری سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ضلعی صدر غلام رسول سیلاچی کو عہدے سے ہٹا کر پوری ضلعی کابینہ کو برطرف کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مخصوص گروپ کی مبینہ پالیسیوں کے باعث سیوی میں پیپلز پارٹی کو نقصان پہنچ رہا ہے اور دیرینہ کارکنان میں شدید مایوسی پائی جا رہی ہے۔ رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ پارٹی کے ضلعی انتخابات فوری طور پر کرائے جائیں تاکہ مخلص، فعال اور کارکنان کو ساتھ لے کر چلنے والی قیادت سامنے آسکے۔پریس کانفرنس میں رہنماوں نے خبردار کیا کہ اگر صوبائی قیادت نے ان کے تحفظات کا ازالہ نہ کیا تو وہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری اور دیگر مرکزی قیادت سے ملاقات کرکے سیوی میں پارٹی معاملات اور مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق اپنے تحفظات پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے کہ تمام کارکنان کو مساوی مواقع دیے جائیں اور پارٹی وسائل کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔
