پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی جائزہ مذاکرات کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہوگیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق معاہدے کے بعد اب پاکستان کو 1.21 ارب ڈالر مل جائیں گے۔ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ 1.21 ارب ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ موجودہ ای ایف ایف پروگرام کی 5 قسط کیلئے چوتھا جائزہ اجلاس ہوا۔پاکستان کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کیلئے آر ایس ایف پروگرام کیلئے تیسرے جائزے کیلئے مذاکرات ہوئے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان نے معاشی اہداف کےحصول کے لیے بہترین کوششیں کیں، پاکستان میں آئی ایم ایف کے پروگرام سے معاشی استحکام آیا، پاکستان میں اصلاحات کا عمل تیز تر ہوا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کلائیمٹ فنانسنگ پروگرام کے تحت پاکستان کو 20 کروڑ ڈالرز جاری کیے جائیں گے، مشکل بیرونی حالات کے باوجود پاکستان کی معاشی کارکردگی بہتر رہی ہے، حکومت نے تیل کے بحران کو بہتر انداز میں قابو کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں جی ڈی پی 4 فیصد رہی ہے۔گزشتہ برس جی ڈی پی 3.6 فیصد رہی ہے۔
اعلامیے کے مطابق مہنگائی کی شرح کم ہوکر اسٹیٹ بینک کے مقررہ ہدف میں واپس آرہی ہے، پاکستان نے تعلیم اور صحت کا بجٹ بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔پرائمری سرپلس جی ڈی پی کا 2 فیصد تک رہنے کی توقع ہے، پاکستان کے ساتھ آرٹیکل فور کے تحت بھی مذاکرات کامیاب ہوچکے ہیں۔
پاکستان کے سرکاری ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام پر مکمل عمل درآمد کیا جا رہا ہے ، نجکاری کے پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھایا جارہا ہے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات کو کم کیا جارہا ہے ، گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ روکا جارہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert