پاکستان سُپر لیگ 12 کی تاریخ کا اعلان

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں سیزن کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا، لیگ کے نئے سیزن کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ پی ایس ایل 12 کا کرکٹ میلہ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک جاری رہے گا اور مسلسل دوسری بار 8 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے ایکشن میں ہوں گی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 12 کی ونڈو فائنل ہوگئی ہے، جس کے تحت لیگ کا 12واں سیزن آئندہ سال 18 مارچ سے 2 مئی تک کھیلا جائے گا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس لندن میں ہوا، جس میں تمام 8 فرنچائزز کے مالکان اور نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں مشاورت کے بعد پی ایس ایل 12 کی تاریخیں فائنل کی گئیں۔

پی ایس ایل 12 بھی 8 ٹیموں پر مشتمل ہوگا۔ گزشتہ سیزن میں پہلی مرتبہ پلیئر ڈرافٹ کے بجائے پلیئر آکشن متعارف کرایا گیا تھا، جبکہ فائنل میں قذافی اسٹیڈیم میں ریکارڈ 32 ہزار 461 تماشائیوں نے براہ راست میچ دیکھا تھا۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 نے دنیا کو لیگ کی صلاحیت دکھائی۔ گزشتہ سیزن میں سنسنی خیز لمحات اور ریکارڈ تعداد میں شائقین دیکھنے کو ملے جبکہ براڈکاسٹ کے بھی نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی سی بی ایک اور شاندار ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن کے انعقاد کے لیے پُرعزم ہے۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے لاکھوں شائقین پی ایس ایل 12 کے منتظر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2027 میں شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کا عزم ہے۔

سلمان نصیر کے مطابق پی ایس ایل 12 کی ونڈو کا اعلان صرف پہلا قدم ہے، جبکہ 8 ٹیمیں ٹائٹل جیتنے کے لیے پہلے سے زیادہ پُرعزم ہوں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس پشاور زلمی نے 9 سال بعد پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ پشاور زلمی نے فائنل میں پی ایس ایل میں پہلی بار شرکت کرنے والی حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

WhatsApp
Get Alert