وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کا تحریکِ انصاف کے سیاسی نعرے پر شدید اعتراض

تحریکِ انصاف والے جو نعرہ لگاتے ہیں، ’کون بچائے گا پاکستان، عمران خان خان خان‘، یہ نعرہ بالکل غلط اور غیرشرعی ہے، بچانے والی صرف اللّہ کی ذات ہے! وفاقی وزیر مذہبی اُمور سردار یوسف کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے مشہور سیاسی نعرے پر دیا گیا ایک بیان ملکی سیاسی اور مذہبی حلقوں میں شدید بحث کا موضوع بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق غریدہ فاروقی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کا یہ نعرہ کہ “کون بچائے گا پاکستان، عمران خان خان خان” بالکل غلط اور شرعی اعتبار سے نامناسب ہے کیوں کہ اس کائنات میں مشکلات سے نکالنے یا ملک کو بچانے والی صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔
سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ سیاسی وابستگیاں اور قائدین سے محبت اپنی جگہ لیکن نعرے بازی میں اس حد تک آگے بڑھ جانا جو عقیدے کے دائرے سے متصادم ہوں، کسی بھی طرح درست نہیں، مملکتِ خداداد پاکستان کو کوئی شخصیت نہیں بلکہ صرف خالقِ کائنات کی ذات اور اس کی خاص نصرت ہی بچا سکتی ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور صوبہ ہزارہ تحریک کے چیئرمین سردار محمد یوسف نے ہری پور میں ایک بڑے صوبہ ہزارہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہزارہ کو صوبہ بننے سے اب کوئی طاقت نہیں روک سکتی، سیاسی اور عسکری قیادت دونوں نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کی ہے، یہاں تک کہ فیلڈ مارشل نے بھی کراچی کے تاجروں سے ملاقات میں نئے صوبوں کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
سینیٹر طلحہ محمود کی میزبانی میں منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہری پور کے عوام کا اتنی بڑی تعداد میں جمع ہونا دراصل صوبے کے حق میں ایک واضح ریفرنڈم ہے، صوبہ ہزارہ کی تحریک تمام تحریکوں میں سب سے زیادہ توانا اور مضبوط ہے، ہمارا کیس مکمل طور پر تیار ہے اور ہم یہ مطالبہ خالصتاً انتظامی بنیادوں پر کر رہے ہیں، ہزارہ صوبے کے قیام پر کسی کو کوئی اختلاف نہیں ہونا چاہیے اور اب اس معاملے کو مزید طول نہیں دیا جانا چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert