’وزیراعظم کو مولانا فضل الرحمان کا خصوصی پیغام پہنچا دیا گیا‘

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومتی کمیٹی نے سینئر سیاستدان مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان مذاکراتی ڈیڈلاک کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں اور انہوں نے تنازعات کو طے کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کی بھی حامی بھری ہے۔

کمیٹی نے مولانا فضل الرحمان کی مصالحانہ کردار کیلئے پیش کی گئی شرائط سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کر دیا ہے اس حوالے سے وزیراعظم کو مولانا فضل الرحمان کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے مولانافضل الرحمان کےساتھ ٹیلی فونک رابطہ متوقع ہے۔

حکومتی وفد کی ملاقات

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نےحکومت کو گورنر راج یا ایمرجنسی سے اجتناب کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے مذاکرات کا مشورہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے مزید مسائل پیدا ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد نے مولانا فضل الرحمان کو پی ٹی آئی سے مذاکرات سے متعلق آگاہ کیا، انہیں مذاکرات کامیابی کے قریب پہنچنے اور پھر وزیراعلیٰ کے بار بار مؤقف بدلنے کا بھی بتایا گیا۔

حکومتی وزرا ذرائع نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورننس اور سیکیورٹی کی صورتحال سنگین ہے، صوبائی قیادت کے رویے کے باعث گورنر راج ، ایمرجنسی ناگزیر ہوتی جا رہی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے رائے دی کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کو آخری آپشن رکھا جائے۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد ملاقات ہوئی، انہیں حکومت میں آنے کے بعد بھولنے کی بات درست نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انشا اللہ پاکستان کی بہتری کے لیے مزید راستے بنیں گے، اللہ کرے جو پاکستان کے لیے بہتر ہو۔

WhatsApp
Get Alert