تحریک انصاف کیلئے بڑی خبر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کیلئے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کے حوالے سے بڑی خبر آگئی۔ وفاقی آئینی عدالت نے بشریٰ بی بی کا ضمانت سے متعلق کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی آئینی عدالت نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا ضمانت سے متعلق کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا۔
جسٹس امین الدین خان اور جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل دو رکنی بنچ سماعت کرے گا۔ کیس کی سماعت 15 اکتوبر بروز جمعرات کو ہوگی۔ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کیلئے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کیا تھا۔ پی ٹی آئی نے ایڈووکیٹ سلمان صفدر کے ذریعے وفاقی آئینی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔
تاہم گزشتہ روز سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں دائردرخواست پر سماعت کاروائی کے بغیر ملتوی ہوگئی، دو رکنی بنچ کے ممبر جسٹس امجد پرویز نے درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی۔
چیف جسٹس مس عالیہ نیلم اور جسٹس امجد پرویز پر مشتمل دو رکنی بنچ نے بشری بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار بشری بی بی کی جانب سے ایڈووکیٹ آصف شہزاد ساہی پیش ہوئے جسٹس امجد پرویز نے کہا کہ میں ذاتی حیثیت میں بطور وکیل اس کیس میں پیش ہوتا رہا ہوں اس لیے مناسب نہیں کہ میں اس درخواست پر سماعت کا حصہ بنوں، جس پر عدالت نے درخواست دوسرے بنچ میں مقرر کرنے لیے رجسٹرار آفس کو بھجوا دی۔
درخواست میں نیب، چاروں صوبوں کے آئی جی صاحبان سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ درخواست گزار اس ملک کی قانوں پسند شہری ہے، خاوند سابق وزیراعظم عمران خان پر سیاسی شخصیت ہونے کی وجہ سے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، طلب کرنے کے باوجود مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہیں، مقدمات کی تفصیلات فراہم نہ کرنا آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے، عدالت تمام فریقین کو 22 جون 2023 کے بعد درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔
