پنجاب سے بڑی تعداد میں قافلے لانگ مارچ میں شریک ہوں گے، سلمان اکرم راجہ
اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، خیبر پختونخواہ میں حکومت ختم ہوچکی ہے وہاں ڈپٹی کمشنر بات نہیں مان رہا ، کل پشاور میں قہر ڈھایا گیا، ہمارے متعدد کارکنوں کو اغوا ءکیا گیا، میڈیا سے گفتگو

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کوئی ایسا معاہدہ نہیں کرے گی جو بے اصولی پر مبنی ہو، عوام کا خون ان کے لیے مقدم ہے اور وہ کسی ایسے لائحہ عمل کا حصہ نہیں بنیں گے جس کے نتیجے میں بے گناہوں کا خون بہے یا لوگوں کو بے گھر ہونا پڑے۔ لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی ہر مصیبت جھیلنے کے لیے تیار ہے، لیکن اصولوں سے دستبردار نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وہ جماعت کے جنرل سیکرٹری ہیں اور ان پر بہت سی ذمہ داریاں ہیں، جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے مقدمات کو بھی دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب سے بڑی تعداد میں قافلے لانگ مارچ میں شرکت کریں گے اور وہ صوبے میں کارکنوں کو متحرک کر رہے ہیں۔
پنجاب کی شرکت لانگ مارچ میں نمایاں ہوگی۔ سلمان اکرم راجہ نے خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہاں صوبائی حکومت ختم ہوچکی ہے اور ڈپٹی کمشنر احکامات نہیں مان رہا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پشاور میں گزشتہ روز کارکنوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی گئیں اور متعدد کارکنوں کو اغوا کیا گیا، جس کی وہ مذمت کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ان کی جماعت اس مبینہ بربریت کو برداشت کرے گی کیونکہ وہ اپنے مؤقف کے مطابق حق پر کھڑی ہے۔ انہوں نے ملک میں فسطائیت کے راج کا الزام لگاتے ہوئے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے عوام کو نقصان پہنچے۔
