’جو آج جیل میں ہے اس کا یہ مطلب نہیں وہ کل بھی جیل میں رہے‘

کراچی(قدرت روزنامہ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتہا پسندی کی سیاست سے سب سے زیادہ نقصان پاکستان تحریک انصاف کو ہو رہا ہے، اگر پی ٹی آئی نے اپنا سیاسی رویہ تبدیل نہ کیا تو صوبائی حکومت میں بھی اس کا کردار باقی نہیں رہے گا۔ کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کوئی جیل میں ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ کل بھی جیل میں رہے گا، تاہم اگر سیاست میں انتہا پسندی کا سلسلہ جاری رہا تو بانی پی ٹی آئی عمران خان سابق صدر آصف علی زرداری کی قید کا ریکارڈ بھی توڑ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری پاکستان کی تاریخ میں 14 سال جیل میں گزارنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں، جبکہ ایک موقع پر انہوں نے مسلسل آٹھ سال بھی قید میں گزارے۔
جو آج جیل میں ہے اس کا یہ مطلب نہیں وہ کل جیل میں رہے ۔
اگر پی ٹی آئی انتہا پسندی کی سیاست کریگی تو عمران خان جیل میں رہ کر صدر زرداری کا ریکارڈ توڑ دینگے ۔ بلاول بھٹو https://t.co/6VoWbXgj0Q— Exact Press International (@ExactPressIntl) October 9, 2026
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی انتہا پسندی کی سیاست پر قائم رہی تو اس کے سیاسی مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے امکان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گورنر راج آخری آپشن ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی جماعتوں کو انتہا پسندی کے بجائے جمہوری اصولوں اور سیاسی مکالمے کو ترجیح دینی چاہیے، کیونکہ محاذ آرائی کی سیاست سے نہ صرف سیاسی جماعتوں بلکہ ملک کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔
