شہبازشریف صاحب! اگر آپ پیٹرول لیوی ختم نہیں کرسکتے تو ملاقات کی کوئی ضرورت نہیں، حافظ نعیم الرحمن


پشاور (قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء کی جانب سے لیوی ختم نہ کرنے کے بیانات جاری رہےتو وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات نہیں کریں گے بلکہ اسلام آباد کی سڑکوں پر فیصلہ پوگا ، عوام اپنا حق لینا جانتے ہیں ، بارہ اکتوبر تک اعلان کردیں گے کہ وفاقی دارالحکومت کب پہنچنا ہے۔
پٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ ہمارا مطالبہ ہے، حکومت سترہ سو ارب کا بھتہ وصول کرنے کی بجائے ابتدائی مرحلہ میں سود کی تین فیصد شرح کم کرے پانچ ہزار ارب کیوں نہیں بچاتی؟
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چار سدہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر کے پی وسطی عبدالواسع اور امیر ضلع شاہ حسین نے بھی جلسہ عام سے خطاب کیا۔
جلسہ گاہ میں اسلامی جمعیت طلبہ اور جمعیت طلبہ عربیہ کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
امیر جماعت اسلامی نے قبل ازیں پشاور پریس کلب میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام بنو قابل گریجوایشن تقریب سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے چار سدہ میں بنو قابل پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا اور خیبر پختونخواہ کی سیاسی جماعتوں کی جانب سے پٹرولیم لیوی کے خلاف جلسہ چارسدہ کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سن لیں اگر وہ آپ بھتہ لیوی ختم نہیں کرسکتے تو ہمیں ان سے ملاقات کی کوئی ضرورت نہیں، عوام اسلام آباد پہنچیں گے تو ہی وزیراعظم سے ملاقات ہوگی اور لیوی ختم کرائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کے پچیس کروڑ عوام کے حق کے لیے گزشتہ تین ماہ سے تحریک چلا رہی ہے۔ ملک میں آٹا مہنگا ہے، کسان پریشان ہے، یوریا مہنگی ہے، شوگر مل مافیا پہلے چینی برآمد کرتے ہیں پھر درآمد کے ذریعے مال کماتے ہیں، یہ مافیا بڑی بڑی نام نہاد سیاسی پارٹیوں میں شامل ہیں۔ ہم حکمرانوں سے پوچھتے ہیں کہ لیوی کا پٹرول کی عالمی مارکیٹ میں قیمتوں سے کیا تعلق ہے؟ یہ معاشی دہشت گردی کسی صورت قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایک فیصد سود کم ہوتا ہے تو خزانہ کو پانچ سو چرانوے ارب کا فائدہ ہوتا ہے ، سود کی شرح آٹھ فیصد ہوجائے تو خزانہ کو پانچ ہزار ارب کا فائدہ ہوگا، لیکن حکمرانوں کو یہ بات اس لیے سمجھ نہیں آتی کہ یہ بنک مافیا کی مدد کرتے ہیں۔ حکمران آئی ایم ایف کا نام لے کر قوم کا بیڑہ غرق نہ کریں، یہ بتائیں کہ یہ گیارہ ارب کے جہاز اور شاہ خرچیاں آئی ایم ایف سے پوچھ کر کرتے ہیں؟ حکمران قوم سےدھوکہ بازیاں بند کریں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاہدے جعلی ہیں ، عوام کو ان معاہدوں کی آڑ میں لوٹا جارہا ہے ، چند لوگوں کی عیاشیاں کروڑوں عوام کی تباہی ، یہ نظام نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ آٹا مافیا، چینی مافیا، آئی پی پی مافیا ، لینڈ مافیا سیاسی پارٹیوں کے خرچے چلاتے ہیں۔ جاگیرداروں ، وڈیروں ، اسٹیبلشمنٹ ، خاندانوں اور شخصیات پر مشتمل پارٹیاں اناسی برس سے قوم کا خون نچوڑ رہی ہیں، عوام اب ان کو سمجھ جائے۔
کے پی میں اڑتالیس لاکھ بچے سکول نہیں جاتے ، چاروں صوبوں میں سکولوں کو بیچا جارہا ہے، چاروں صوبوں میں عوام کو بنیادی سہولیات دستیاب نہیں۔ حکمران سیاسی پارٹیاں ایک ہیں، یہ سابقہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے ایک تھے۔ جماعت اسلامی کے کارکنوں سے کہتا ہوں کہ عوام کو متحدکرو اور قوم پر سامراجی نمائندوں کی حقیقت عیاں کرو۔
نوجوان اپنے آپ کو بڑی کشمکش کے لیے تیار کریں ۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کے پی اور وفاق کی لڑائی چل رہی ہے،فارم سنتالیس والوں کو مسلط کردیا گیا، یہ کیسا نظام ہے کہ ریاست عوام کو حقوق نہیں دیتی اور عوام سے تابعداری کا مطالبہ کرتی ہے ، عوام کو اپنا حق چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی قیادت اور سیاسی پارٹیوں کا خلا ہے اور یہ خلا صرف جماعت اسلامی ہی پورا کرسکتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert