سوشل میڈیا صارفین ہوشیار! ایف بی آر کے نئے ٹیکس قواعد کی تیاری


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس قوانین میں اہم تبدیلی کی تجویز پیش کرتے ہوئے یوٹیوب کے بعد دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی ٹیکس قواعد کے دائرے میں شامل کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترامیم کے لیے دو الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مسودے تیار کیے ہیں۔ ان تجاویز کے تحت متعلقہ قواعد میں لفظ ’یوٹیوب‘ کی جگہ ’سوشل میڈیا پلیٹ فارمز‘ استعمال کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس سے ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والے افراد اور آن لائن پلیٹ فارمز سے آمدنی حاصل کرنے والوں پر ٹیکس قواعد کا دائرہ وسیع ہوسکتا ہے۔
مجوزہ ترامیم میں انکم ٹیکس رولز 2002 کے باب دوم اے میں قاعدہ 13ZP کی ذیلی شق (1) کی شق (d) اور باب پنجم اے میں قاعدہ 19R کی ذیلی شق (1) کی شق (d) میں تبدیلی شامل ہے۔ ان ترامیم کے لیے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی متعلقہ دفعات کا حوالہ دیا گیا ہے۔
مجوزہ تبدیلیوں کا مقصد متعلقہ ٹیکس قواعد میں یوٹیوب کے مخصوص ذکر کی جگہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی وسیع اصطلاح متعارف کرانا ہے۔ اس طرح قواعد کا دائرہ صرف یوٹیوب تک محدود رہنے کے بجائے دیگر سوشل میڈیا سروسز تک بھی بڑھ سکتا ہے۔
ایف بی آر نے مجوزہ ترامیم پر متعلقہ افراد اور فریقوں سے اعتراضات اور تجاویز طلب کرلی ہیں۔ مسودہ نوٹیفکیشنز سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کے بعد سات روز کے اندر اپنی آرا بورڈ کو بھجوائی جاسکتی ہیں۔
نوٹیفکیشنز کے مطابق مقررہ مدت میں موصول ہونے والی تجاویز اور اعتراضات کا جائزہ لینے کے بعد ایف بی آر آئندہ کارروائی کرے گا۔
واضح رہے کہ یہ ترامیم تاحال مجوزہ ہیں اور مسودے کے مرحلے میں ہیں۔ ان کے حتمی طور پر منظور ہونے یا نافذ العمل ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی، اس لیے فی الحال انہیں نافذ شدہ قانون قرار نہیں دیا جاسکتا۔

WhatsApp
Get Alert