نیشنل ٹیکنالوجی پارک کا نام ’دانش آئی ٹی پارک‘ رکھ دیا گیا، ملک بھر میں توسیع کا اعلان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں نیشنل ٹیکنالوجی پارک کا نام ’دانش آئی ٹی پارک‘ رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ محض ایک عمارت نہیں بلکہ جدت، مصنوعی ذہانت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید ہنر کے فروغ کا مرکز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو ملک کے دیگر علاقوں تک توسیع دی جائے گی تاکہ لاکھوں نوجوان، خصوصاً خواتین، جدید تعلیم اور مہارتوں سے مستفید ہو سکیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دانش آئی ٹی پارک میں انکیوبیشن سینٹرز، اختراعی سرگرمیوں، ہنرمندی کی تربیت اور پیشہ ورانہ تعلیم کے مراکز قائم ہوں گے۔ یہاں صنعت سے وابستہ افراد، کاروباری شخصیات اور مصنوعی ذہانت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین مل کر کام کریں گے۔ ان کے مطابق یہ مرکز نوجوانوں کی صلاحیتیں نکھارنے اور انہیں عملی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ دانش آئی ٹی پارک کو شفاف طریقے سے چلانے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں کام کرنے والی کمپنیوں کو مدعو کیا جائے گا۔ بہترین خدمات اور موزوں شرائط کی بنیاد پر عمارت متعلقہ اداروں کے حوالے کی جائے گی، جبکہ اسے چلانے میں ماہرین اور اساتذہ کا کردار بنیادی ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے کو صرف ایک عمارت تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ اسے جدید ٹیکنالوجی کے ایک ایسے نظام میں تبدیل کیا جائے گا جو نوجوانوں کو تعلیم، تربیت، تحقیق اور کاروباری مواقع فراہم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے زراعت، صنعت، مینوفیکچرنگ، معدنیات اور حکومتی شعبوں میں بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی بنیاد 2017 اور 2018 کے دوران رکھی گئی تھی، تاہم بعد میں تاخیر کا شکار ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اسے مکمل کرنے کے لیے متعلقہ ٹیم کے ساتھ مل کر کام کیا تاکہ نوجوان جلد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

شہباز شریف نے دانش اسکولوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان اداروں نے کم وسائل رکھنے والے خاندانوں کے بچوں کو تعلیم اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ ان کے مطابق دانش آئی ٹی پارک بھی اسی تصور کے تحت ملک کے مختلف حصوں میں پھیلایا جائے گا، جس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت دیگر علاقوں کو بھی شامل کرنے کا ارادہ ہے۔

وزیراعظم نے جنوبی کوریا کی معاشی ترقی اور تکنیکی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرکے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والے وفاقی وزرا، متعلقہ حکام اور ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

WhatsApp
Get Alert