شاہی ضیافت، 21 ممالک کے عمرہ زائرین کا آخری گروپ مدینہ منورہ پہنچ گیا

ریاض(قدرت روزنامہ) سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور نے ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت آنے والے عمرہ زائرین کے چوتھے اور آخری گروپ کا استقبال کیا۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آخری گروپ میں شامل 21 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 250 عمرہ زائرین مدینہ منورہ پہنچ گئے۔
رپورٹس کے مطابق گروپ میں پاکستان، بنگلہ دیش، انڈیا، سری لنکا، نیپال، مالدیپ، قازقستان، کرغیزستان، ترکمانستان، آذربائیجان، ترکیہ، جارجیا، روس، بھوٹان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، سولومن جزائر اور فجی کے زائرین شامل ہیں۔
چوتھے اور آخری گروپ کی آمد کے ساتھ ہی اس سال پروگرام کے تحت شاہی مہمانوں کی آمد مکمل ہوگئی۔ مجموعی طور پر 65 ملکوں کے ایک ہزار زائرین شاہی ضیافت میں مملکت پہنچے۔
رپورٹس کے مطابق ان تمام زائرین کی میزبانی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ذاتی خرچ پر کی گئی ہے۔
وزارت اسلامی امور کے تحت اس پروگرام میں مکہ مکرمہ آمد سے قبل مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت، کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس، مسجد قبا، مدینہ منورہ کے تاریخی اور اسلامی مقامات کے دورے شامل ہیں۔
وزارت نے زائرین کی میزبانی اور دیکھ بھال کے لیے خدمات اور سہولتوں کا ایک جامع پروگرام تیار کیا ہے جس میں مہمانوں کی اپنے ملکوں سے روانگی سے سعودی عرب آمد تک انتظامات شامل ہیں۔
