بارکھان کے علاقے راڑہ شم میں سی ٹی ڈی کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن 10 دہشت گرد ہلاک، 2 اہلکار زخمی
مصدقہ خفیہ اطلاع پر کارروائی، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، فورسز کی قربانیاں لائق تحسین ہیں: وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی
فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم کو ہر صورت خاک میں ملایا جائے گا، سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کا عزم غیر متزلزل ہے: شاہد رند
کوئٹہ / بارکھان (ڈیلی قدرت کوئٹہ) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ضلع بارکھان کے علاقے راڑہ شم میں مصدقہ خفیہ اطلاع پر ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، جبکہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو راڑہ شم کے علاقے میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس پر فوری طور پر منصوبہ بندی کے تحت ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے نیٹ ورک کے مکمل خاتمے اور صوبے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پولیس، سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کے مربوط آپریشنز بلاتعطل جاری رہیں گے۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے سی ٹی ڈی کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 10 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے اور بلوچستان کی سرزمین سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ایکشن بلا رعایت جاری رہے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بارکھان میں سی ٹی ڈی کے کامیاب آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فورسز کے افسران و جوانوں کی بہادری اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سی ٹی ڈی، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی قابل فخر ہے اور ان کا عزم غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن و امان اور شہریوں کے تحفظ کے لیے حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔
