حکومت نے آئندہ موسم سرما کے دوران گیس بحران سے نمٹنے کیلئے اہم اقدامات پر غور شروع کر دیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سرد موسم کی آمد کے ساتھ ہی سردیوں میں گیس کی فراہمی سے متعلق عوامی خدشات بڑھنے لگے ہیں۔ حکومت نے آئندہ موسم سرما کے دوران گیس بحران سے نمٹنے اور صارفین کو بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات پر غور شروع کر دیا ہے۔
حکام کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی کی پیداوار اور صنعتی شعبے کے لیے آر ایل این جی کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ گھریلو سطح پر مقامی گیس کے استعمال کے ساتھ متبادل توانائی ذرائع کو بھی فروغ دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ شمالی علاقوں میں موجود گیس ذخائر سے بلا تعطل ترسیل یقینی بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ واٹر ہیٹنگ اور اسپیس ہیٹنگ کے متبادل نظام کے لیے بینک فنانسنگ کی تجاویز بھی زیر غور ہیں تاکہ صارفین کو اضافی سہولت فراہم کی جا سکے۔
سردیوں میں گیس کی فراہمی کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت دسمبر سے فروری تک ایل این جی درآمد کرنے کے منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق گیس کمپنیوں اور پیٹرولیم ڈویژن نے کم از کم 22 ایل این جی کارگوز کی ضرورت ظاہر کی ہے، جبکہ توانائی ٹاسک فورس دستیاب وسائل اور علاقائی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے 10 سے 12 کارگوز کے حصول پر غور کر رہی ہے۔
توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ بروقت منصوبہ بندی اور درآمدی انتظامات سے موسم سرما میں گیس کی قلت کے اثرات کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
