عوام کے لیے خوشخبری! پاکستان کے دوست ملک کے ساتھ اہم معاہدے کا اعلان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ایتھوپیا کے سفیر عمر حسین اوبا نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا استثنیٰ کے مجوزہ معاہدے پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور دو طرفہ تجارت و اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس میں سیکرٹری تجارت رانا احسان افضل، جواد پال اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران جام کمال خان نے اس بات پر زور دیا کہ ایتھوپیا کی مارکیٹ تک پاکستانی دوا ساز کمپنیوں کی رسائی کو بہتر بنایا جائے اور ادویات کی رجسٹریشن میں تاخیر کا باعث بننے والی رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دوا ساز صنعت میں افریقی منڈیوں تک برآمدات بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

ایتھوپیا کے سفیر عمر حسین اوبا نے کہا کہ انہوں نے ادویات کی رجسٹریشن کے زیر التواء معاملات متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائے ہیں، جنہوں نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ ان مسائل کو حل کریں گے۔

سیکرٹری تجارت جواد پال نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی دوا ساز کمپنیوں کے معائنے اور جائزے کے لیے ایتھوپیا کی تکنیکی ٹیم کا جلد دورہ پاکستان یقینی بنایا جائے۔

دونوں فریقین نے تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے، دو طرفہ روابط کو مضبوط بنانے اور متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

اجلاس میں عالمی تجارتی تنظیم (WTO) میں ایتھوپیا کی شمولیت کے عمل کے ساتھ ساتھ سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا استثنیٰ کے مجوزہ معاہدے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ان مذاکرات کا مقصد تجارت کو آسان بنانا اور پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان اقتصادی اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا تھا۔

WhatsApp
Get Alert