وزیراعظم کا زرعی ترقی کیلئے صوبوں کو ہر قسم کے تعاون کی فراہمی کا اعلان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبوں کو زرعی ترقی کے لیے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔
قومی زرعی و غذائی تحفظ کونسل کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور یہ شعبہ مختصر مدت میں پاکستان کی معیشت کو ترقی دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو سستی کھاد، معیاری بیج اور جدید زرعی مشینری فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ جبکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو ان کی فصلوں کی مناسب قیمت دلانا بھی ضروری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ لائیو اسٹاک کا شعبہ ملکی برآمدات میں اضافے کی وسیع صلاحیت رکھتا ہے اور پاکستانی حلال گوشت کی برآمدات بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی حکومت زرعی ترقی کے لیے صوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے پنجاب میں کسان کارڈ سمیت دیگر اقدامات کے ذریعے کسانوں کو براہ راست سبسڈی کی فراہمی کو سراہا، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے کسانوں کی ترقی اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں ضروریات پوری کرنے کے لیے گندم وافر مقدار میں موجود ہے، تاہم گندم کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ گندم کی بوائی سے پہلے اس کی درست قیمت کا تعین ضروری ہے تاکہ کسانوں کو مناسب معاوضہ مل سکے۔ حکومت چاہتی ہے کہ کسانوں کو گندم کی مناسب قیمت ملے اور صارفین کو بھی سستی گندم دستیاب ہو۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ گندم کی قیمت کا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا اور مشاورت کا عمل مکمل ہونے کے بعد جلد قیمت کا اعلان کر دیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر خوراک سندھ نے کسانوں کی ترقی اور زرعی شعبے کی بہتری کے لیے اپنے اپنے صوبوں میں کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ بھی دی۔
