پختونخوا میں ایمرجنسی، گورنر راج اور 12 اضلاع کو انتظامی دائرہ کار سے الگ کرنے کے اقدامات مسترد، یہ آئین اور وفاقی جمہوریت پر حملہ ہیں: پشتونخوا نیپ اور این ڈی ایم
سابقہ فاٹا کے انضمام کو انتظامی آرڈر کے ذریعے غیر مؤثر نہیں کیا جا سکتا، آئینی بندوبست کو تبدیل کرنا آئینی اصولوں سے متصادم ہے

دہشت گردی کا حل عوام کے حقوق محدود کرنا نہیں بلکہ ناکام سکیورٹی پالیسیوں اور افغان پالیسی پر نظرثانی میں ہے
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اور نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کا تمام جمہوری قوتوں سے آئین اور صوبائی خودمختاری کے دفاع کے لیے مشترکہ جدوجہد کا مطالبہ
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اور نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ بیان میں 11 اکتوبر 2026 کو پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ، گورنر راج کے اطلاق اور صوبے کے 12 اضلاع کو صوبائی قانون سازی اور انتظامی دائرۂ اختیار سے الگ کرنے کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں آئین پاکستان، وفاقی جمہوری نظام، صوبائی خودمختاری اور پختونخوا کے عوام کے بنیادی حقوق کے منافی قرار دیا گیا ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اس نوعیت کے اقدامات ملک میں آئینی بالادستی، جمہوری اصولوں اور وفاقی اکائیوں کے اختیارات کو کمزور کرنے کے مترادف ہیں۔ پختونخوا کے عوام کو اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے حکومت کرنے، اپنے وسائل پر اختیار رکھنے اور آئین کے تحت حاصل بنیادی حقوق سے محروم کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ صوبے کے انتظامی ڈھانچے میں یک طرفہ تبدیلیاں اور 12 اضلاع کے لیے الگ انتظامی نظام قائم کرنے کا فیصلہ اس خدشے کو تقویت دیتا ہے کہ ان علاقوں کو صوبے کے آئینی اور قانونی نظام سے الگ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ 12 اضلاع کو صوبے سے الگ کرنے کے اقدام کی تردید کی گئی ہے، تاہم ان اضلاع کے لیے ’’ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ‘‘ کے نام سے الگ انتظامی نظام متعارف کرانے کے فیصلے پر وضاحت ضروری ہے۔ سوال یہ ہے کہ جب سابقہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام آئینی ترمیم کے ذریعے عمل میں آیا تو اسے کسی انتظامی حکم یا ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے کس طرح غیر مؤثر کیا جا سکتا ہے؟ آئینی ترمیم کے ذریعے قائم ہونے والے انتظامی اور قانونی بندوبست کو محض انتظامی فیصلوں سے تبدیل کرنا آئینی اصولوں سے متصادم ہوگا۔
مشترکہ بیان میں خبردار کیا گیا کہ سابقہ فاٹا کے انضمام کے بعد حاصل ہونے والے آئینی حقوق اور قانونی تحفظات کو کمزور کرنے سے ان علاقوں کے عوام ایک بار پھر غیر یقینی، محرومی اور غیر معمولی انتظامی پابندیوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔ ماضی میں قبائلی علاقوں کو الگ انتظامی حیثیت میں رکھنے کے نتیجے میں وہاں کے عوام کو جن مسائل اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ان تجربات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان علاقوں کے معدنی وسائل، زمینوں اور دیگر قدرتی ذخائر پر عوام کے حق کو یقینی بنانا اور انہیں قومی ترقی میں برابر کا حصہ دینا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اور نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ صوبائی حکومت کی ناقص حکمرانی، عوامی مسائل کے حل میں ناکامی، سماجی و اقتصادی ترقی کی سست روی اور بنیادی حقوق کے تحفظ میں کوتاہیوں پر تنقید کرتی رہی ہیں، تاہم صوبائی حکومت کی کارکردگی سے متعلق شکایات کا حل جمہوری اور آئینی طریقہ کار میں مضمر ہے، نہ کہ صوبے میں ایمرجنسی نافذ کرنے، منتخب حکومت کو ختم کرنے یا عوام کے آئینی حقوق محدود کرنے میں۔ کسی حکومت کی ناکامی کو جواز بنا کر پورے صوبے کے عوام کو اجتماعی سزا دینا جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ پختونخوا میں دہشت گردی کے دوبارہ پھیلاؤ اور بدامنی کے مسئلے کو محض انتظامی اقدامات، گورنر راج یا عوام کے حقوق محدود کرنے سے حل نہیں کیا جا سکتا۔ اس بحران کے بنیادی اسباب کا سنجیدہ جائزہ لینا، ماضی کی ناکام سکیورٹی پالیسیوں پر نظرثانی کرنا اور ایسی افغان پالیسی اختیار کرنا ضروری ہے جو خطے میں امن، استحکام اور عوامی مفادات کو ترجیح دے۔ پختونخوا کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی، جانی نقصان، تباہی، معاشی بدحالی اور نقل مکانی کی بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں۔ ان مسائل کا حل مزید غیر یقینی، غیر معمولی انتظامی اقدامات اور آئینی حقوق کی معطلی نہیں بلکہ مؤثر حکمرانی، قانون کی حکمرانی، عوامی اعتماد اور ایک واضح امن پالیسی ہے۔
بیان میں اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ پختونخوا کے بعض علاقوں میں غیر معمولی انتظامی اور سکیورٹی اختیارات کے استعمال نے پہلے ہی شہری آزادیوں اور قانونی تحفظات کے حوالے سے سنگین سوالات پیدا کیے ہیں۔ ماضی میں ’’ایکشن اِن ایڈ آف سول پاور ریگولیشن‘‘ کے نفاذ اور اس کے آئینی جواز کے حوالے سے عدالتی اعتراضات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ریاستی اقدامات کو آئین، قانون اور بنیادی انسانی حقوق کے تابع ہونا چاہیے۔ کسی بھی سکیورٹی پالیسی کو شہریوں کے بنیادی حقوق، عدالتی نگرانی اور قانونی تحفظات سے بالاتر نہیں رکھا جا سکتا۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اور نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ نے واضح کیا کہ حکمران سیاسی جماعتیں بھی پختونخوا کے عوام کو درپیش مسائل اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتیں۔ جمہوری نظام میں سیاسی جماعتوں اور منتخب نمائندوں کا فرض ہے کہ وہ عوام کے آئینی حقوق، صوبائی خودمختاری اور وفاقی اکائیوں کے اختیارات کا دفاع کریں۔ سیاسی اختلافات سے قطع نظر، کسی بھی صوبے کے منتخب جمہوری اختیار کو محدود کرنے اور اس کے عوام کو آئینی حقوق سے محروم کرنے کے اقدامات کے خلاف اصولی مؤقف اختیار کرنا ضروری ہے۔
مشترکہ بیان میں دونوں جماعتوں نے پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ، گورنر راج کے اطلاق اور 12 اضلاع کو صوبائی قانون سازی و انتظامی دائرۂ اختیار سے الگ کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان اقدامات پر فوری نظرثانی کی جائے، آئین پاکستان کی بالادستی یقینی بنائی جائے، صوبائی خودمختاری اور منتخب نمائندوں کے اختیارات کا احترام کیا جائے اور سابقہ فاٹا کے انضمام کے تحت حاصل ہونے والے آئینی حقوق اور قانونی تحفظات برقرار رکھے جائیں۔
بیان کے اختتام پر دونوں جماعتوں نے ملک کی تمام جمہوریت پسند، ترقی پسند اور انسانی حقوق کی حامی سیاسی جماعتوں، وکلا، سول سوسائٹی اور عوامی حلقوں سے اپیل کی کہ وہ آئین کی بالادستی، وفاقی جمہوریت، صوبائی خودمختاری اور پختونخوا کے عوام کے بنیادی حقوق کے دفاع کے لیے مشترکہ اور متحدہ جدوجہد کریں، تاکہ کسی بھی صوبے کے عوام کو سیاسی، انتظامی یا سکیورٹی بنیادوں پر ان کے جائز آئینی حقوق سے محروم نہ کیا جا سکے۔
