2022 سے اب تک 50 ہزار سے زیادہ پی ٹی آئی ورکرز جیل جاچکے ہیں، اسد عمر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سابق وزیر اسد عمر نے الزام عائد کیا ہے کہ 2022 سے اب تک 50 ہزار سے زیادہ پی ٹی آئی ورکرز جیل جاچکے ہیں، ان میں سینکڑوں ایسے ہیں جن کو سزائیں ہوچکی ہیں، اس سے بھی بڑی تعداد میں لوگ گھر چھوڑ کر بھاگے ہوئے ہیں۔ اسد عمر کے ایکس کے مطابق انہوں نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ورکر ز کی گرفتاریاں 2022 سے شروع ہوگئی تھیں، جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سے لوگ گرفتارہوئے، پھر زمان پاک سے 2، 3 ہزار لوگ گرفتار ہوئے۔
وہاں سے گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوا، ابھی تک 50 ہزار سے زیادہ پی ٹی آئی کے ورکرز جیل جاچکے ہیں، ان میں سینکڑوں ایسے ہیں جن کو سزائیں ہوچکی ہیں، جب کہ اس سے زیادہ بڑی تعداد میں پی ٹی آئی ورکرز اپنے گھر چھوڑ کر بھاگے ہوئے ہیں،لوگوں کے بار بار گھر توڑے، کاروبار تباہ ہوگئے، ابھی تک ہمیں وہ والا کریک ڈاؤن نظر نہیں آیا۔
تحریک انصاف کے ورکرز سے بڑا اثاثہ کسی سیاسی جماعت میں نہیں۔ بے لوث ملک کی بہتری کے لئے جدوجہد کرنے والے۔ ہزاروں جھوٹے مقدمات میں صرف سیاسی وابستگی کی وجہ سے نامزد۔ آنسو گیس، لاٹھیاں، گولیاں، قید، گھروں سے دور رہنے پر مجبور، گھروں پر چھاپے، تور پھوڑ۔ ان کی وطن سے محبت کو سلام https://t.co/GzZ6k4mAVJ
— Asad Umar (@Asad_Umar) October 14, 2026
پی ٹی آئی کے ورکرز بڑے معصوم لوگ ہیں، نہ تو وہ کوئی کال دیتے ہیں ،نہ کسی فیصلہ سازی کے اندر ہوتے ہیں، ان کو بلاتے ہیں وہ جاکر کھڑے ہوجاتے ہیں، نہ وہ کوئی گولیاں چلاتے ہیں، پھر کیوں ان کو اتنی تکلیف سے گزارا جاتا ہے، یہ بہت بڑا ظلم ہے۔
اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ تحریک انصاف کے ورکرز سے بڑا اثاثہ کسی سیاسی جماعت میں نہیں۔ بے لوث ملک کی بہتری کے لئے جدوجہد کرنے والے۔ ہزاروں جھوٹے مقدمات میں صرف سیاسی وابستگی کی وجہ سے نامزد۔ آنسو گیس، لاٹھیاں، گولیاں، قید، گھروں سے دور رہنے پر مجبور، گھروں پر چھاپے، تور پھوڑ۔ ان کی وطن سے محبت کو سلام۔
