پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سے متعلق اہم خبر، سپیکر قومی اسمبلی کا بڑا فیصلہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دو ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے، جس کے بعد متعلقہ حکام کو ان پر عمل درآمد کے لیے مراسلہ بھیج دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی ثنا اللہ مستی خیل اور داوڑ خان کنڈی کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے ہیں۔ رول 108 کے تحت دونوں ارکان کی قومی اسمبلی کے اجلاس میں حاضری ضروری قرار دی گئی ہے۔
جاری کردہ احکامات کے مطابق دونوں ارکان کو قومی اسمبلی کے ہر اجلاس کی نشست کے آغاز پر پارلیمنٹ ہاؤس میں سارجنٹ ایٹ آرمز کے سامنے پیش کیا جائے گا، جبکہ اجلاس کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں دوبارہ متعلقہ حراست میں واپس بھیج دیا جائے گا۔
سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پروڈکشن آرڈرز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس سمیت سات حکام کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
ان احکامات کا مقصد قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران دونوں ارکان کی حاضری یقینی بنانا ہے۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ پروڈکشن آرڈرز پر عمل درآمد کرتے ہوئے دونوں ارکان کو اجلاس کے آغاز پر پارلیمنٹ ہاؤس میں پیش کیا جائے اور کارروائی کے اختتام پر واپس متعلقہ حراست میں منتقل کیا جائے۔

WhatsApp
Get Alert