’سردیوں میں گھریلو صارفین کیلیے گیس لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کیا جائے‘

پشاور(قدرت روزنامہ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سردیوں میں گیس لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کرنے کی ہدایت کر دی۔

فیصل کریم کنڈی سے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے قائم مقام ایم ڈی فیصل اقبال، ڈپٹی ایم ڈی ثاقب ارباب اور ڈپٹی چیف ایڈمن ضیاء الاسلام نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔

اس دوران فیصل کریم کنڈی کو صوبے میں جاری گیس اور انرجی سکیورٹی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ قائم مقام ایم ڈی فیصل اقبال نے گورنر کو کے پی میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر آگاہی دی۔

گورنر کے پی نے ہدایت کی کہ سردیوں میں گھریلو صارفین کیلیے گیس لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کیا جائے، صوبے کے صنعتی کارخانوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ نوجوانوں کیلیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ صوبے میں گیس سے متعلق مسائل کے حل کیلیے قابلِ عمل تجاویز پیش کی جائیں تاکہ عوامی مشکلات کا بروقت ازالہ ہو، ملک بھر میں سوئی ناردرن کے سسٹم میں گیس کی مجموعی پیداوار 800 ایم ایم سی ایف ڈی ہے، جس میں سے 500 ایم ایم سی ایف ڈی صوبہ پیدا کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو صوبے کے گیس اور قدرتی وسائل سے حاصل ہونے والے ثمرات ملنے چاہییں۔

WhatsApp
Get Alert