نجی اسکولوں کی موسمِ سرما کی فیس وصولی پر مکمل پابندی، پیشگی فیس واپس یا آئندہ مہینوں میں ایڈجسٹ کی جائے: ڈی سی کوئٹہ ویسٹ کا حکم
فیس کی عدم ادائیگی پر طالب علم کو کلاس سے باہر نکالنے، ذہنی اذیت دینے یا تذلیل کرنے پر اسکولوں کے خلاف سخت قانونی ایکشن ہوگا

خلاف ورزی پر روزانہ 10 ہزار روپے جرمانہ، رجسٹریشن کی منسوخی اور مجسٹریٹ کے ذریعے 1 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے: منیر احمد درانی
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی کی زیرِ صدارت 13 اکتوبر کو منعقد ہونے والے اہم اجلاس میں نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے موسمِ سرما کی تعطیلات کے دوران طلبہ سے فیس وصولی کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد نجی اسکولوں کے حوالے سے اہم اور سخت فیصلے کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ نجی اسکول موسمِ سرما کی تعطیلات کے عرصے کی فیس وصول نہیں کرسکیں گے، جبکہ ایسے نجی تعلیمی ادارے جو پہلے ہی تعطیلات کی مد میں طلبہ یا ان کے والدین سے ایڈوانس فیس وصول کرچکے ہیں، وہ وصول کی گئی رقم واپس کرنے یا اسے آئندہ فیس میں ایڈجسٹ کرنے کے پابند ہوں گے۔
اجلاس میں نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے طلبہ اور والدین پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ سرکاری پالیسی اور طے شدہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں اس امر پر بھی سختی سے پابندی عائد کی گئی کہ کسی طالب علم کو فیس کی عدم ادائیگی کی بنیاد پر کلاس سے باہر کھڑا کیا جائے، اس کی تذلیل کی جائے، اسے ذہنی اذیت دی جائے یا کسی بھی قسم کی جسمانی و تعزیری سزا دی جائے۔ طلبہ کے تعلیمی حقوق اور ان کے وقار کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور کسی بھی نجی تعلیمی ادارے کو یہ اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ فیس کے معاملات کو بنیاد بنا کر طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں سے محروم کرے یا انہیں سرعام سزا و تذلیل کا نشانہ بنائے۔
حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف بلوچستان پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز رجسٹریشن، ریگولیشن اینڈ پروموشن ایکٹ 2022 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مسلسل حکم عدولی کی صورت میں روزانہ کی بنیاد پر 10 ہزار روپے تک انتظامی جرمانہ اور 30 روز سے زائد خلاف ورزی پر مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کی عدالت کے ذریعے 2 لاکھ روپے تک جرمانہ اور ایک سال تک قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) اور ایک خصوصی کمیٹی کو اسکولوں کی فیلڈ انسپیکشن اور تین روز میں رپورٹ جمع کرانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
