خواتین میں جسمانی درد اور ہر وقت تھکن کا احساس کس بیماری کی علامات ہیں؟ نئی تحقیق

کراچی(قدرت روزنامہ)آج کل تقریباً ہر دوسری خاتون جسمانی درد، ہر وقت تھکن کا شکار رہتی ہے جو کس بیماری کی علامت ہو سکتا ہے نئی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
ایک خاتون درد سے تڑپتی ہے، جسم ساتھ نہ دے رہا ہو یا ہر وقت تھکن محسوس ہو اور جب وہ ڈاکٹر کے پاس جائے تو ڈاکٹر کہہ دے کہ کوئی بیماری نہیں بلکہ یہ سب آپ کے ذہن کا وہم ہے۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ بعض اوقات یہ علامات ایک حقیقی بیماری کی نشانی ہوتی ہے؟ اس کو آٹو امیون بیماری کہتے ہیں۔ اس بیماری میں جسم کا مدافعتی نظام غلطی سے اپنے ہی جسم کے خلاف کام کرنے لگتا ہے۔
یونیورسٹی آف کیمبرج کی نئی تحقیق کے مطابق آٹو امیون بیماریوں میں مبتلا خواتین کو بیماریوں کی غلط تشخیص کا خطرہ مردوں سے زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ علامات کو خواتین میں نفسیاتی تشخیص قرار دینے کا امکان 46 جب کہ علامات کو ذہنی دباؤ یا پریشانیوں سے جوڑنے کا امکان 74 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
ان بیماریوں کی علامات میں شدید تھکن، جوڑوں میں درد اور جلد پر دانے شامل ہو سکتے ہیں۔ لیکن سب سے افسوسناک بات یہ ہے بعض خواتین کو درست بیماری کی تشخیص کے لیے کئی سال انتظار کرنا پڑتا ہے، جس سے علاج میں بھی تاخیر ہوتی ہے۔
اگر آپ کے اردگرد کوئی خاتون مذکورہ علامات کا شکار ہیں تو یاد رکھیں کہ ہر درد وہم نہیں ہوتا اور ہر تکلیف ذہنی دباؤ کی وجہ سے نہیں ہوتی۔ خواتین کی علامات کو سنجیدگی سے سنیں کیونکہ بر وقت اور درست تشخیص ان کی زندگی بدل سکتی ہے۔
