آمریت کی گود میں پلنے والی جماعتیں بلوچستان کی تباہی کی ذمہ دار ہیں، جے یو آئی کی جانب سے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے طرزِ سیاست پر کڑی تنقید

بلوچستان میں گورنر راج کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے طرزِ سیاست میں کوئی فرق نہیں، دونوں مفادات کی اسیر ہیں


جے یو آئی کی سیاست کا محور اقتدار نہیں بلکہ عوامی خدمت، آئین کی بالادستی اور صوبے کے حقوق کا تحفظ ہے: مولانا عبدالواسع و آغا محمود شاہ
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ آمریت کی گود میں جنم لینے والی سیاسی جماعتیں بلوچستان کی تباہی کی ذمہ دار ہیں۔ ان کے مطابق ان جماعتوں نے جمہوری اصولوں اور عوامی مینڈیٹ کی پاسداری کے بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی ہے۔ مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ جمہوریت کا نام لینے والی قوتوں نے جب بھی اپنے اقتدار کو خطرہ محسوس کیا تو جمعیت علمائے اسلام کا راستہ روکنے کے لیے غیر آئینی اقدامات اور سیاسی سودے بازی سے گریز نہیں کیا، تاہم عوامی شعور اور نظریاتی سیاست کو انتظامی فیصلوں اور اقتدار کی سازشوں کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گورنر راج کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے طرز سیاست میں کوئی بنیادی فرق دکھائی نہیں دیتا۔ دونوں جماعتیں جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے دعوے کرتی ہیں، لیکن سیاسی مفادات کے سامنے آنے پر ان کے عملی اقدامات سوالات کو جنم دیتے ہیں۔ بلوچستان جیسے حساس اور پسماندہ صوبے میں غیر معمولی آئینی اقدامات کی بات کرنے کے بجائے عوامی مسائل کے حل، منتخب نمائندوں کے مینڈیٹ کے احترام اور جمہوری اداروں کے استحکام کو ترجیح دینی چاہیے۔
جے یو آئی بلوچستان کے رہنماؤں نے کہا کہ ان کی جماعت کی سیاست کا محور اقتدار کا حصول نہیں بلکہ عوامی خدمت، آئین کی بالادستی، پارلیمانی جمہوریت کا تحفظ، صوبے کے وسائل پر عوام کے حق کو تسلیم کرانا اور محروم طبقات کو حقوق دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام طویل عرصے سے بے روزگاری، غربت، پسماندگی، بنیادی سہولیات کی کمی اور امن و امان کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، اور ان مسائل کا حل سیاسی انتقام یا غیر جمہوری تجربات میں نہیں بلکہ سنجیدہ حکمت عملی، شفاف طرزِ حکمرانی، میرٹ کی بالادستی اور عوامی وسائل کے منصفانہ استعمال میں ہے۔

WhatsApp
Get Alert