زرغون روڈ پر قائم چیک پوسٹ شہریوں کے لیے عذاب بن گئی، ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر: جے یو آئی کوئٹہ
سکیورٹی کے نام پر شہریوں کی نقل و حرکت محدود کرنے کے بجائے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی پر توجہ دی جائے

امداد چوک کی چیک پوسٹ سے پیدا ہونے والے مسائل کا فوری نوٹس لیا جائے، ہزار گنجی اور سریاب میں پولیس گشت بڑھانے کا مطالبہ
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ امداد چوک کے قریب زرغون روڈ پر قائم ایف سی چیک پوسٹ شہریوں کے لیے باعثِ اذیت بن چکی ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر اور روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر کے وسط میں چیک پوسٹوں کے قیام اور آمدورفت میں رکاوٹوں سے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے سکیورٹی کے نام پر عام شہریوں کو مشکلات میں مبتلا کرنے کے بجائے ایسے مؤثر اقدامات کیے جائیں جن سے سکیورٹی کے تقاضے بھی پورے ہوں اور شہریوں کو سہولت بھی میسر آئے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال تشویش ناک ہے، چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم کے سدباب کے لیے متعلقہ انٹیلی جنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنی ذمہ داریوں کا مؤثر انداز میں احساس کرتے ہوئے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ بالخصوص ہزار گنجی، سریاب، قمبرانی روڈ اور شہر کے دیگر علاقوں میں پولیس تھانوں کی حدود کے اندر جرائم کی روک تھام، مؤثر گشت اور قانون کی عملداری یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ امداد چوک کے قریب زرغون روڈ پر قائم ایف سی چیک پوسٹ کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کا فوری نوٹس لیا جائے اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی بحال کی جائے۔
