جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جانوروں کی افزائش نسل کا پروگرام متعارف

کراچی (قدرت روزنامہ) صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے کورنگی کراچی کیٹل فارم میں جدید لائیو اسٹاک بریڈنگ سروسز پروگرام کا افتتاح کر دیا، جو ایمبریو ٹرانسفر ٹیکنالوجی کے ذریعے ریڈ سندھی نسل کے مویشیوں کی افزائش نسل میں بہتری کیلیے اہم پیشرفت ہے۔
افتتاحی تقریب میں سیکریٹری لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سندھ ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی، ڈائریکٹر جنرل سندھ انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ ڈاکٹر نذیر حسین کلہوڑو، ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک حزب اللہ بھٹو، ڈائریکٹر اینیمل بریڈنگ ڈاکٹر اقتدار میمن، ڈاکٹر نعیم صدیقی، ڈاکٹر جے دیو، ڈاکٹر غلام حیدر خاصخیلی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر میجر جنرل (ر) یوسف خواجہ، سابق ایم ڈی فون گرو، میجر جنرل عامر نوید، ایم ڈی فون گرو، اور بریگیڈیئر ارشد توفیق، چیف آپریٹنگ آفیسر فون گرو بھی شریک ہوئے۔
تقریب کے دوران فون گرو کی جانب سے جدید بریڈنگ پروگرام کے حوالے سے تکنیکی پریزنٹیشن پیش کی گئی، جس میں ایمبریو ٹرانسفر ٹیکنالوجی اور جدید سائنسی طریقوں کے ذریعے مویشیوں کی نسل بہتر بنانے کے امکانات پر روشنی ڈالی گئی۔
صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے اپنے خطاب میں لائیو اسٹاک کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مویشیوں کی بہتر نسلوں کا فروغ، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ اور جدید بریڈنگ سہولیات کی فراہمی حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جدید سائنسی طریقوں کو فروغ دے کر سندھ میں لائیو اسٹاک کے شعبے کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے، جس سے مویشی پالنے والوں کی آمدنی میں اضافے کے ساتھ مجموعی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء میں یادگاری شیلڈز اور تحائف بھی پیش کیے گئے۔
