پاکستان اور سلامتی کونسل کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت، حقِ دفاع کی حمایت

نیویارک(قدرت روزنامہ)پاکستان اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی اور حقِ دفاع کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان کے مطابق، مشرق وسطیٰ سے متعلق سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا کہ یہ حملے فوری طور پر بند ہونے چاہییں۔

عثمان جدون نے یمن کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب، اس کے شہریوں اور معاشی بنیادی ڈھانچے پر حوثیوں کے مسلسل حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ پاکستان بین الاقوامی قانون کے تحت کسی بھی بیرونی حملے کے خلاف سعودی عرب کے حقِ دفاع کی بھی توثیق کرتا ہے۔

پاکستانی مندوب نے یمن میں جامع اور دیرپا امن کے قیام کے لیے مذاکرات کی بحالی سے متعلق اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی کوششوں کی بھی حمایت کی۔

حوثی باغیوں نے حالیہ ہفتوں کے دوران سعودی عرب کو حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ ان حملوں میں دارالحکومت ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر میزائل داغنے کے واقعات بھی شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی جمعرات کو جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں سعودی عرب پر یمن کے حوثی باغیوں کے حملوں کی مذمت کی، جن میں ریاض کے ہوائی اڈے پر کیے گئے ’غیر ذمہ دارانہ حملے‘ بھی شامل ہیں۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق، سلامتی کونسل کے صدر اور یونان کے نمائندے ایوینجیلوس سیکیرس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں 15 رکنی کونسل نے سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے مسلسل اور کشیدگی بڑھانے والے حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔

بیان میں بحیرہ احمر اور باب المندب میں تجارتی جہاز رانی کے خلاف حوثیوں کے مسلسل حملوں اور دھمکیوں کی بھی مذمت کی گئی۔

سلامتی کونسل نے بین الاقوامی قانون کے مطابق سعودی عرب کے حقِ دفاع کی بھی توثیق کی۔

دوسری جانب، سعودی فوجی اتحاد نے جمعرات کو بتایا کہ اس نے مدینہ منورہ کے علاقے میں ایک میزائل کو فضا ہی میں تباہ کر دیا ہے۔ مدینہ منورہ اسلام کے مقدس ترین شہروں میں سے ایک ہے۔

WhatsApp
Get Alert