باہمی معاہدہ اور مکہ دفاعی اتحاد پاک سعودی عرب تعلقات میں تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے سعودی عرب کے ساتھ باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد، دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات میں تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب کے نو تعینات سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان آمد اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر ڈاکٹر راجح تامی البقمی کو مبارکباد دی اور سعودی سفیر کی سفارتی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا حالیہ برسوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا، وسیع کرنے کے لیے موجودہ ادارہ جاتی مکینزم کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کےعزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، ’اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ‘ اور ’مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد‘ دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات میں تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، یہ دونوں معاہدے علاقائی امن و سلامتی کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert