پاکستان میں مہنگائی، غربت اور بے روزگاری خطے میں سب سے زیادہ ہے، مفتاح اسماعیل
شہباز شریف کی حکومت کو ساڑھے چار سال ہو گئے ہیں،اس طویل عرصے کے بعد خطے میں سب سے مہنگی گیس، ڈیزل اور پٹرول پاکستان میں ہے، پیٹرول اور ڈیزل پہ ٹیکس اور لیوی بھی سب سے زیادہ پاکستان میں ہے، سابق وزیر خزانہ کی ایکس پوسٹ

کراچی(قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے شہباز شریف حکومت کی معاشی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کی شرح خطے میں سب سے زیادہ ہے، جبکہ سرمایہ کاری کی شرح گزشتہ 60 سال کے دوران کم ترین سطح پر رہی ہے۔ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت کو ساڑھے چار سال ہو چکے ہیں، لیکن اس طویل عرصے کے بعد بھی پاکستان میں خطے کے مقابلے میں گیس، ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں سب سے زیادہ ہیں۔
ان کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس اور لیوی بھی پاکستان میں سب سے زیادہ ہیں۔ سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک میں آٹے کی قیمتیں خطے میں سب سے زیادہ ہیں اور حکومتی پالیسیوں کے باعث پاکستان کو آج گندم درآمد کرنا پڑ رہی ہے۔
غربت اور بے روزگاری میں اضافے کے ساتھ سرمایہ کاری کی شرح بھی تشویش ناک حد تک کم ہو چکی ہے۔ مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ پاکستان میں بالخصوص تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کی شرح بھی بہت زیادہ ہے۔
ان کے مطابق ملک میں بھوک اور مفلسی بڑھ رہی ہے، جبکہ چوری، جرائم اور منشیات کے پھیلاؤ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
شہباز شریف کی حکومت کو ساڑھے چار سال ہو گئے ہیں-اس طویل عرصے کے بعد خطے میں سب سے مہنگی گیس، ڈیزل اور پٹرول پاکستان میں ہے- پیٹرول اور ڈیزل پہ ٹیکس اور لیوی بھی سب سے زیادہ پاکستان میں ہے –
پورے خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے، اور اٹے کی قیمتیں سب سے زیادہ پاکستان میں ہیں-اور حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے اج ہمیں گندم درامد کرنی پڑ رہی ہے-
غربت کی شرح بھی خطے میں سب سے زیادہ پاکستان میں ہے، بے روزگاری کی شرح بھی خطے میں سب سے زیادہ پاکستان میں ہے-اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی شرح 60 سالوں میں سب سے کم رہی ہے-سب سے زیادہ ٹیکس ریٹس بالخصوص نوکری پیشہ لوگوں پہ بھی پاکستان میں ہی ہیں-
اج پاکستان میں بھوک پھیل رہی ہے-مفلسی بڑھ رہی ہے-چوری چکاری اور جرم بڑھ رہے ہیں اور منشیات پھیل رہے ہیں-
وفاق اور صوبوں میں کرپشن عروج پہ ہے-
کیا یہ ایمانداری سے کہا جا سکتا ہے کہ شہباز شریف صاحب کے دور حکومت نے پاکستان کو اچھی حکمرانی دی؟ یہ ہم یہ کہنے پہ مجبور ہیں کہ شہباز شریف کے دور حکومت میں نہ کوئی حکمت عملی نظر ائی نہ کوئی ویژن نظر ایا جس سے پاکستان کے حالات بہتر ہو سکیں-
— Miftah Ismail (@MiftahIsmail) October 16, 2026
انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں کرپشن پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی عروج پر ہے اور عوام کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ سابق وزیر خزانہ نے سوال اٹھایا کہ کیا ان حالات میں یہ کہنا درست ہوگا کہ شہباز شریف کی حکومت نے پاکستان کو اچھی حکمرانی فراہم کی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت میں ایسی کوئی واضح حکمت عملی یا وژن دکھائی نہیں دیتا جس کے ذریعے پاکستان کے معاشی حالات بہتر بنائے جا سکیں۔ انہوں نے حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے معاشی پالیسیوں کی سمت اور نتائج پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا۔
