دالبندین بازار میں ڈکیتی کی کوشش ناکام، فائرنگ کے تبادلے میں دو مبینہ ڈاکو ہلاک، پولیس اہلکار زخمی

دالبندین (قدرت روزنامہ)دالبندین بازار میں ڈکیتی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی)نے جوابی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو مبینہ ڈاکوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک ٹریفک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق دوپہر تقریبا 2 بج کر 20 منٹ پر دو نامعلوم مسلح ملزمان دالبندین بازار میں ڈکیتی کی کوشش کر رہے تھے کہ وہاں موجود ٹریفک پولیس کے کانسٹیبل جان محمد نے دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں موقع پر گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی اضافی نفری اور ایف سی دالبندین کی ٹیمیں فورا موقع پر پہنچ گئیں اور فرار ہونے والے ملزمان کا تعاقب شروع کر دیا۔ تعاقب کے دوران ڈنو پھاٹک کے نزدیک ملزمان اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دونوں مبینہ ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ملزمان کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی ہے۔پولیس حکام کے مطابق زخمی ٹریفک کانسٹیبل جان محمد کو فوری طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال دالبندین منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
