ظلم کے خلاف سچ بولتے رہیں گے، کسی ظالم سردار یا نواب کے خوف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، صوبائی وزیر میر علی مدد جتک

اسما جتک کے ساتھ ناانصافی پر پورا بلوچستان رنجیدہ ہے، نجی جیلوں اور مظلوموں پر تشدد کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی


حکومت اور عوام ہمیشہ مظلوم طبقات کے ساتھ کھڑے رہیں گے، ظالم عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، اسمبلی میں خطاب
کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان اسمبلی کے جاری اجلاس میں صوبائی وزیر میر علی مدد جتک نے اسما جتک کیس اور صوبے کے جاگیردارانہ نظام پر شدید تنقید کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ ہر حالت میں ظالم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر میر علی مدد جتک نے کہا کہ اسما جتک کے والد اور ان کے رشتہ داروں کا انتہائی بے دردی سے قتل کیا گیا، جبکہ اسما جتک کے ساتھ پیش آنے والے ظلم اور ناانصافی پر آج پورا بلوچستان شرمندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف سچ بولنا اور حق کی آواز اٹھانا ہمارے لیے جرم بنا دیا جاتا ہے، لیکن ہم کسی ظالم سردار یا نواب کے خوف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔میر علی مدد جتک نے صریح الفاظ میں کہا کہ صوبے کے ظالم نواب اور سردار عوام کے خیر خواہ نہیں ہیں، ان لوگوں نے اپنی نجی جیلیں قائم کر رکھی ہیں جہاں مظلوموں پر تشدد کیا جاتا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور عوام ہمیشہ صوبے کے مظلوم طبقات کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ظالم عناصر کو ان کے کیے کی سزا دلوانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert