اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کا ٹیلی فونک رابطہ، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام اآباد(قدرت روزنامہ)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مغربی ایشیا میں جاری پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفترخارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا جبکہ قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ایرنا (IRNA) کے مطابق عباس عراقچی نے بغداد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے 52ویں اجلاس میں شرکت کے دوران اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

رپورٹس کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ امور اور خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مغربی ایشیا کی صورتحال اور علاقائی استحکام سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق گفتگو میں خطے میں کشیدگی کم کرنے اوراستحکام کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پربھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے علاقائی حالات کے تناظر میں سفارتی رابطوں اور باہمی مشاورت کی اہمیت پر گفتگوکی۔

پاکستانی دفترخارجہ نے بھی دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گفتگو میں علاقائی صورتحال اوربغداد میں جاری اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور عباس عراقچی نے اس بات پرزوردیا کہ خطے کو درپیش پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنا اور سفارتی ذرائع کو بروئے کار لانا ضروری ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ایران علاقائی معاملات پرمشاورت اور رابطوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب بغداد میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں رکن ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور اہم علاقائی و عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

پاکستان اور ایران خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی روابط کو اہمیت دیتے ہیں جبکہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان تازہ گفتگو میں بھی مذاکرات، سفارت کاری اور قریبی رابطوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert