لرنر پرمٹ، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ کیلئے آن لائن درخواست کی سہولت فراہم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے لرنر پرمٹ، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کے حصول کے لیے آن لائن درخواستوں کی سہولت متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شہری کل سے آن لائن پورٹل کے ذریعے ان سہولتوں کے لیے درخواست دے سکیں گے اور انہیں درخواست جمع کرانے کے لیے لائسنسنگ دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق تجدید شدہ اور ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس ٹی سی ایس کے ذریعے درخواست گزاروں کے گھروں پر پہنچائے جائیں گے جس سے شہریوں کو لائسنس وصول کرنے کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آن لائن درخواست دیتے وقت اپنا مکمل نام، درست رہائشی پتہ اور فعال موبائل فون نمبر فراہم کریں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ نامکمل یا غلط پتے کی وجہ سے ڈرائیونگ لائسنس کی ترسیل میں تاخیر ہوسکتی ہے۔
ٹریفک پولیس کے اعلان کے مطابق کل سے متعلقہ خدمات ٹریفک ہیڈکوارٹرز فیض آباد اور دیگر پولیس خدمت مراکز پر دستیاب نہیں ہوں گی۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ لائسنسنگ مرکز جانے سے پہلے آن لائن پورٹل پر درخواست دینے کے طریقہ کار اور تازہ ہدایات کا جائزہ لے لیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق یہ اقدام انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی ہدایت پر متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل سہولتوں کو وسعت دینا اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے طریقہ کار کو شہریوں کے لیے آسان بنانا ہے۔
